الائیڈ ہسپتال کے وارڈز میں چوہوں کا راج‘ مریض پریشان


فیصل آباد(نیوزلائن)ناقص صفائی اور انتظامیہ کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے الائیڈ ہسپتال کے وارڈز میں چوہوں اور حشرات الارض کی حکمرانی قائم ہے۔ انتظامیہ کے دعووں کے برعکس وارڈز اور پرائیویٹ کمروں میں چوہوں اور حشرات کی بھرمار ہے۔ دعوؤں کے برعکس ایم ایس ڈاکٹر خرم الطاف ہسپتال کے انتظامی اور صفائی ستھرائی کے امور بہتر بنانے میں بری طرح ناکام ہیں۔ نیوزلائن کے مطابق الائیڈ ہسپتال فیصل آباد کے وارڈز میں بہت بڑی تعداد میں چوہے اور حشرات الارض پائے جا رہے ہیں۔ صرف وارڈ ہی نہیں پرائیویٹ اور و ی آئی پی رومز بھی چوہوں اور کیڑے مکوڑوں سے محفوظ نہیں ہیں۔ بلند بانگ دعوے کرنیوالے ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف ہسپتال میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے میں کامیاب نہیں ہو پارہے۔ مریضوں کے بیڈ‘ ادویات کی ٹرالیوں‘ ادویات کی الماریوں‘ واش رومز‘ نرسز اور ڈاکٹرز کے کمرے چوہوں کی آماجگاہ بنے ہوئے ہیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء چوہوں اور حشرات کی وجہ سے خراب ہونے کی شکایات ہسپتال میں عام ہو چکی ہیں ۔ مریض اور انکے لواحقین کے علاوہ ڈاکٹرز ‘ نرسیں اور ہسپتال کا دیگر عملہ بھی چوہوں اور حشرات کی کارروائیوں کے ہاتھوں تنگ ہے مگر کسی کی ایم ایس کے سامنے نہیں چل رہی جو صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی طرف توجہ کرنے پر آمادہ ہی نہیں ہو رہے۔

Related posts