الیکشن ڈیوٹی: 10ہزار سپیشل پولیس اہلکار وں کی جعلی بھرتی کا انکشاف


فیصل آباد(ایم اے چوہدری)الیکشن 2018کی ڈیوٹی کیلئے فیصل آباد پولیس کادس ہزارجعلی سپیشل پولیس اہلکار بھرتی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ حقیقت میں ایک بھی اہلکار بھرتی نہیں کیا گیا ۔ کاغذات میں جعلی بھرتیاں ظاہر کرکے جعلی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد پولیس نے الیکشن کیلئے ایس او پی اور ڈیوٹی روسٹر بنایا تو اس میں پولیس کی موجود نفری کے علاوہ 13ہزار 227سپیشل پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں کی انٹریاں بھی کی گئیں۔ رضاکاروں کے علاوہ دس ہزار کے لگ بھگ سپیشل پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی بھی درج کی گئی۔ اتنی بڑی تعداد میں سول افراد بھرتی کرنا پولیس کیلئے ایمرجنسی میں ممکن ہی نہ ہو سکا۔ جس پر فیصل آباد پولیس کے کرتا دھرتاؤں نے جعلی ڈیوٹیاں لگائیں۔ ڈیوٹی روسٹر میں جعلی اندراجات کرکے بھرتیاں ظاہر کیں۔ فیصل آباد پولیس نے ایسے افراد کی بھی ڈیوٹیاں لگا دیں جو مختلف ایف آئی آرز میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ایف آئی آرز کے ملزمان‘ درجہ چہارم کے ملازمین‘ مقدموں کے گواہان کے نام ڈیوٹی روسٹر میں ڈال کر جعلی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔ عملی طور پر صرف پولیس اہلکار وں اور فوج و رینجر کے جوانوں نے ہی ڈیوٹی کی جبکہ ڈیوٹی روسٹر میں پولیس ‘ آرمی اور رینجرز اہلکاروں کے علاوہ سپیشل پولیس اہلکاروں اور رضاکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئیں جو کہ پورے الیکشن عمل کے دوران کہیں نظر نہیں آئے۔ پولنگ سٹیشنوں پر بھی پولیس اہلکاروں اور فوجی جوانوں کے علاوہ کوئی ڈیوٹی پر نہیں آیا مگر ڈیوٹی روسٹر میں ہر پولیس اہلکار کیساتھ رضاکار اور سپیشل بھرتی کئے گئے اہلکاروں کی بڑی تعداد کی ڈیوٹی بھی ظاہر کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں دس ہزار کے لگ بھگ سپیشل پولیس اہلکاروں کی جعلی ڈیوٹیاں لگائی گئیں اور ان کی جعلی بھرتی کی گئی ۔ سپیشل پولیس اہلکاروں کی جعلی بھرتی میں سی پی او فیصل آباد اشفاق خان‘ ایس پی ایڈمن اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر غلام مہتدیٰ کے نام سامنے آرہے ہیں۔

Related posts