الیکشن کمیشن نے عمران خان کا دو حلقوں سے نوٹیفکیشن روک لیا

اسلام آباد(نیوزلائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں لیکن عدالتوں میں زیر التواء مقدمات کے باعث چند حلقوں کے نوٹیفکیشن روکے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک بھر سے 5 قومی اسمبلی کے حلقوں سے نشستیں جیتے تھے لیکن الیکشن کمیشن نے ان کی دو حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 53 اسلام آباد کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے حتمی فیصلے تک روکا گیا ہے جب کہ عمران خان کی این اے131 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر روکا گیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ دو حلقوں میں عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں زیر سماعت کیسوں کی وجہ سے روکے گئے ہیں جب کہ تین حلقوں میں ان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران خان کی بنوں، کراچی اور میانوالی سے کامیابی کا مشروط نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، تین حلقوں سے عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہو گا۔ عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث روکا گیا ہے کیونکہ ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 53 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا تو کامیابی کے تینوں مشروط نوٹیفکیشن منسوخ ہوجائیں گے۔ یاد رہے کہ 25 جولائی کو پی ٹی آئی چیئرمین نے ووٹ کی رازداری کا خیال نہیں رکھا تھا اور کیمروں کے سامنے بلے پر نشان لگایا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔ عمران خان این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 95 میانوالی، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی سے کامیاب ہوئے ہیں۔

Related posts