انٹرنیشنل ہینڈبال چیمپیئن شپ 10مارچ سے فیصل آباد میں ہوگی


فیصل آباد (نیوزلائن) انٹرنیشنل ہینڈ بال چمپیئن شپ 10 سے 15 مارچ تک زرعی یونیورسٹی کے انٹرنیشنل ہینڈ بال کورٹ میں کھیلی جائے گی جس میں ساؤتھ و سنٹرل ایشیاء سے 8 ممالک کی 16ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے اقبال سٹیڈیم کے کانفرنس روم میں انٹرنیشنل ہینڈبال چمپیئن شپ کے انعقاد کے ضروری انتظامات کے بارے میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتائی ۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال ‘ صدر پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن محمد شفیق کے علاوہ دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ انٹرنیشنل ہینڈبال چمپیئن شپ میں پاکستان کے علاوہ بھارت ‘ نیپال‘ مالدیب ‘ بنگلہ دیش ‘ افغانستان ‘ سری لنکا ‘ یمن کی ٹیموں کے مابین مینز یوتھ اور جونیئر ٹیموں کے مقابلے ہونگے اور انٹرنیشنل چمپیئن شپ کا دوسری بار انعقاد فیصل آباد کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہینڈبال چمپیئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لئے جامع انتظامات کئے جارہے ہیں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوشگوار ماحول فراہم کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ افتتاحی تقریب کے دوران کلچرل شو بھی پیش کیا جائے گا جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہو گی ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 2014 میں فیصل آباد میں منعقد ہونے والی چمپیئن شپ کے دو کیٹگری کے مقابلوں میں پاکستان نے گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کئے تھے اور قومی ہینڈ بال ٹیم میں فیصل آباد کے کھلاڑیوں کی بھر پور نمائندگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ‘ہاکی سمیت ہر کھیل میں فیصل آباد نے بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی پیدا کئے ہیں اور ہینڈبال کے کھیل کا رجحان بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کی ترویج و ترقی ضلعی انتظامیہ کا مشن ہے اور اس مقصد کے لئے ضلع میں تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر چھ پروٹو ٹائپ جمنیزیم مکمل کئے جارہے ہیں جن کی بدولت مختلف کھیلوں کا مزید ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ہینڈ بال کے عالمی مقابلوں کی بدولت شائقین کو کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے ۔

Related posts