ایف بی آرنے ٹیکس چورمافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے


فیصل آباد(ندیم جاوید)فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے فیصل آباد کے حکام نے ٹیکس چور صنعتکار مافیا کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے ۔ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچے چیف کمشنرآرٹی او فیصل آباد ٹیکس چور مافیا کا معمولی سا پریشر بھی برداشت نہ کرسکے۔ تمام تر ثبوتوں کیساتھ ٹیکسٹائل فیکٹریوں پرلگائی گئی 40بی کو معمولی مفاد کیلئے معطل کردیا اور ٹیکس چوروں کو آئندہ ہر معاملے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی اور ان کے کسی معاملے میں قانون کو متحرک نہ کرنے کا بھی وعدہ کر لیا۔نیوز لائن کے مطابق ایف بی آر حکام نے فیصل آباد کے متعدد ٹیکسٹائل یونٹوں کی ٹیکس چوری پکڑی اور ان کے خلاف ٹیکس چوری کے ناقابل تردید ثبوتوں کیساتھ ہر یونٹ کی الگ الگ فائل تیار کر لی۔ ٹیکس چوری اور پروڈکشن چھپانے کے ثبوتوں کیساتھ ٹیکس چور صنعتکاروں کی فیکٹریوں کیخلاف’’40بی‘‘ کی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔اپنا کچہ چٹھہ بے نقاب ہوتے دیکھ کر ٹیکس چور مافیا نے صنعتکار تنظیموں کی چھتری تلے پناہ لینے کی ٹھان لی۔صنعتکارتنظیموں نے بھی ملک و قوم کا سوچنے اور ٹیکس چوری کی حوصلہ شکنی کرنے کی بجائے وائٹ کالرکرائم میں ملوث نام نہاد شرفاء کی پشت پناہی شروع کردی۔صنعتکار تنظیموں نے ٹیکس چوروں کے تحفظ کیلئے چیف کمشنرآرٹی او فیصل آباد ڈاکٹراکرم پر دباؤ ڈالا تو وہ پہلے مرحلے میں ہی ناک آؤٹ ہو گئے اور ٹیکس چور صنعتکار مافیا کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ بغیر کسی قانونی کارروائی کے 40بی معطل کردی۔ ٹیکس چور مافیا کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔ٹیکس چوری کے ثبوت بھی ٹیکس چوروں کے سامنے بے نقاب کر دئیے اورانہیں ثبوت ضائع کرنے کے مواقع فراہم کر دئیے۔ ٹیکس چوروں کو قانون کے شکنجے میں جکڑنے کی بجائے آئندہ انہیں اپنے تعاون اور اپنے دور میں ان کے خلاف قانون کو متحرک نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروا دی۔

Related posts

Leave a Comment