بول ٹی وی نے پیمرا کے احکامات ہوا میں اڑا دیے

کراچی (نیوزلائن) نجی ٹی وی بول اور اس کے اینکر پرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے احکامات ہوا میں اڑا دیے اور پابندی کے باوجود ” ایسے نہیں چلے گا“ پروگرام ڈنکے کی چوٹ پر نشر کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیمرا نے بول ٹی وی پر نشر ہونے والے پروگرام ” ایسے نہیں چلے گا“ کے اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر پابندی عائد کردی تھی تاہم چینل انتظامیہ نے پیمرا کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا ۔ ڈاکٹر عامر لیاقت نہ صرف بول ٹی وی پر پروگرام کر رہے ہیں بلکہ پہلے سے بھی زیادہ گھن گرج کے ساتھ جلوہ گر ہیں ۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے چیئرمین پیمرا ابصار عالم پر شدید تنقید کی اور کہا کہ پیمرا کو اس طرح کے نوٹسز بھیجنے کا کوئی اختیار نہیں ہے اور انہوں نے بول ٹی وی کو نوٹس بھیج کر توہین عدالت کی ہے۔ اینکر پرسن نے بتایا کہ ابصار عالم کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت پیمرا میں پلانٹ کیا گیا ہے جبکہ انہیں چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف اور وزیر اعظم سمیت دیگر اعلیٰ ترین سول و عسکری عہدیداروں سے کئی گنا زیادہ تنخواہ دی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ متعدد شکایات موصول ہونے پر پیمرا نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پر بول ٹی وی پر کسی بھی صورت میں آنے پر پابندی عائد کردی تھی اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں چینل کا لائسنس منسوخ کرنے کا انتباہ بھی جاری کیا تھا۔

Related posts