بھتہ سے انکار پراشتہاریوں کی شوروم پر فائرنگ‘ نوجوان قتل


فیصل آباد(نیوزلائن)بھتہ دینے سے انکار پر اشتہاری ملزموں نے شہر کے پوش علاقے مدینہ ٹاؤن میں شوروم پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کرنے والے اشتہاری ملزم اور ان کا ساتھی پولیس کانسٹیبل بتایا جاتا ہے ۔ فائرنگ سے شوروم پر مہمان آیاایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔فائرنگ کے باعث 20سے زائد گاڑیاں تباہ ہوئیں۔مدینہ ٹاؤن پولیس نے مقتول کی نعش کو قبضہ میں لے کر نامزدملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کردیئے۔پولیس رپورٹ کے مطابق سوساں روڈ پر یاسر اکرام کے شوروم پر آئے جھمرہ کے اشتہاری شانی ڈھلوں اورپنجاب کانسٹیبلری میں تعینات کانسٹیبل آصف اور ان کے ساتھیوں نے شوروم مالک یاسروغیرہ سے گالی گلوچ کرتے ہوئے موبائل فون چھیننا چاہا جس کے باعث ان کے درمیان جھگڑاہوگیا۔اس دوران یاسراکرام کے پاس بھائی کی شادی کا کارڈ لے کر آنے والا 28سالہ ارتضی بٹ ولد بابربٹ سکنہ چک جھمرہ بھی بیٹھا ہواتھا۔اس دوران اشتہاریوں شانی ڈہلوں اورپولیس کانسٹیبل آصف نے فائرنگ کردی ۔جس کی زد میں آکر ارتضی بٹ زخمی ہوگیا۔جسے طبی امداد کے بعد ریسکیو1122ٹیم نے ہسپتال منتقل کیاتوارتضی بٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستہ میں ہی دم توڑ گیاجبکہ اشتہاریوں نے اس دوران شدید قسم کی فائرنگ کی جس سے شوروم میں کھڑی 20سے زائد گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔مدینہ ٹاؤن پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد اس کے ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے اشتہاری اورکانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی۔سوساں روڈ پراندھا دھند فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس کی لہر دوڑگئی۔

Related posts