بی زیڈ یو کی ڈگریوں کا معاملہ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے رپورٹ طلب

لاہور (نیوز لائن) لاہور ہائیکورٹ نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کی ڈگریوں کا معاملے پر کیس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے داخلے دلوانے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عدالت بچوں کو مستقبل داؤ پر نہیں لگنے دے گی۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید شیخ نے ہیرا آصف،آمنہ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کی جانب سے غلام سرور ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔عدالت میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کیمپس کی انتظامیہ نے جواب داخل کرایا جس میں کہا گیا کہ لاہور کیمپس کے طلباء کو ملتان میں 20دسمبرتک داخلے کے لئے اشتہار دیدیا،وصول ہونیوالی درخواستوں کی سکرونٹی کررہے ہیں۔جس پر عدالت نے قرار دیا کہ لاہور نہ چھوڑنے والے طلباء کو ہائرایجوکیشن کمیشن‘ لاہور میں داخلہ دے کیونکہ یہ بچوں کے مستقبل کامعاملہ ہے،عدالت مستقبل داؤ پر نہیں لگنے دے گی۔تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 13جنوری کو عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Related posts