تحریک انصاف نے کپتان کو باضابطہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا

اسلام آباد (نیوزلائن) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کو وزیراعظم نامزد کردیا۔ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے باضابطہ طور پر عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا ہے۔ اسلام آباد میں چیرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے عمران خان کو پارلیمانی لیڈر نامزد کرنے کی تحریک پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اس موقع پر تمام اراکین نے کھڑے ہو کر چیئرمین تحریک انصاف کو مبارکباد پیش کی اور ہال دیر تک تالیوں سے گونجتا رہا۔ توقع تھی کہ آج کے اجلاس میں ہی قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے بھی نامزدگیاں کی جائیں گی تاہم ایسا نہیں ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے نومنتخب ارکان کو مبارکباد دی، پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے آزاد ارکان کا پارلیمانی پارٹی میں خیرمقدم کیا گیا، اتنی عددی اکثریت حاصل ہوگئی ہے کہ مرکز میں حکومت بناسکیں، عمران خان نے ارکان اسمبلی کو آئندہ چیلنجز پر اعتماد میں لیا اور قوم کی توقعات سے آگاہ کیا۔

Related posts