تحریک انصاف کے رہنما چوہدری اشفاق ٹیکس چوری میں ملوث نکلے


فیصل آباد(احمد یٰسین)تحریک انصاف کے اہم رہنما اور ویسٹ پنجاب ریجن کے سابق صدر چوہدری اشفاق ٹیکس چوری میں ملوث نکلے۔چوہدری اشفاق کا صنعتی امپائر ’’چناب گروپ‘‘ (چن ون اور چناب لمیٹڈ) 33کروڑروپے سے زائد کی ٹیکس چوری میں ملوث پایا جا رہا ہے ۔ایف بی آر حکام نے چناب گروپ کے گوشواروں کی جانچ پڑتال میں بڑے پیمانے پر کی جانیوالی ٹیکس چوری پکڑ لی مگر پکڑے جانے کے باوجودقوم کا درد سینے میں دبائے ‘سیاسی میدان میں ملک و قوم کی خدمت کے بلند بانگ دعوے کرنیوالے چوہدری اشفاق اور ان کے دیگر بزنس پارٹنرز ٹیکس ادائیگی کیلئے آمادہ نہ ہوئے اور تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔ ایف بی آر حکام نے چناب گروپ کی ٹیکس چوری پکڑے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ جبکہ ملک و قوم کا درد سینے میں رکھنے کے دعویدار چناب لمیٹڈ کے مالکان کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری کوئی بڑا معاملہ نہیں ہے ۔ٹیکس والوں کیساتھ صنعتکاروں کے ایسے معاملات چلتے رہتے ہیں۔یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔ نیوزلائن کے مطابق تحریک انصاف کے اہم رہنما اور پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب ریجن کے سابق صدر چوہدری اشفاق چن ون اور چناب ملز پر مشتمل ’’چناب گروپ‘‘ کے اہم پارٹنر ہیں۔ ایف بی آر ریکارڈ کے مطابق ’’چناب گروپ ‘‘ کے نام سے کام کرنے والا صنعتی گروپ بڑے پیمانے پر ٹیکس گھپلوں میں ملوث پایاجارہا ہے ۔ایف بی آر میں چناب گروپ کے چن ون اور چناب لمیٹڈ کے نام سے دو ادارے الگ الگ رجسٹرڈ ہیں۔دو ارب روپے سے زائد کے شیئر کی مالیت رکھنے والے چناب گروپ کے دونوں رجسٹرڈ ادارے چن ون اور چناب لمیٹڈ دونوں ہی ٹیکس چوری میں ملوث پائے گئے ہیں۔چن ون کا این ٹی این نمبر 1177309-0اور چناب لمیٹڈ کا این ٹی این نمبر 0688377-0ہے اور دونوں ہی کی ٹیکس چوری متعدد مرتبہ پکڑی جاچکی ہے ۔ایف بی آر ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کے انکم ٹیکس زون کا سب سے بڑا نادہندہ ہی چن ون ہے ۔ جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے نادہندگان میں بھی چن ون کا نام ٹاپ تھری میں شامل ہے۔ایف بی آرکے ریکارڈ کے مطابق چن ون اور چناب لمیٹڈ 33کروڑ48لاکھ روپے سے زائد کے ود ہولڈنگ اور انکم ٹیکس کے نادہندہ ہیں۔ اس کے علاوہ سیلز ٹیکس اور متعدد دیگر معاملات میں بھی دونوں ادارے نادہندہ ہیں۔مختلف سالوں میں چناب گروپ کے اداروں کے ذمہ ٹیکس واجب الادا نکلا ۔ آر ٹی او نے متعدد مرتبہ نوٹس جاری کئے مگر چناب گروپ نے ٹیکس ادا نہ کیا جبکہ آر ٹی او کی ہی بعض کالی بھیڑوں کیساتھ ملی بھگت کرکے تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کر دئیے۔بڑے ٹیکس نان دہندگان کے حوالے سے ایف بی آر کی پالیسی اور ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کی کارروائیاں جاننے کیلئے چیف کمشنر فیصل آباد سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں ایک لفظ بھی نہیں بول سکتے۔ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹرسے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے چن ون اور چناب لمیٹڈ کے ٹیکس چوری کے کیسز پکڑے جانے کی تصدیق کی اور بتایا کہ چناب گروپایف بی آر کیخلاف اپیل میں گیا ہوا ہے ۔اسی وجہ سے ان کیخلاف کارروائی نہیں ہوپا رہی۔ سالہا سال سے ان کی اپیلیں زیرسماعت ہیں۔ اب ان پر کوئی فیصلہ ہو تو ہی مزید کارروائی ممکن ہوسکتی ہے۔ اس حوالے سے چناب گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)میاں محمد لطیف سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے ۔صنعتکاروں اور ٹیکس دفاتر کے مابین یہ سلسلہ تو چلتا ہی رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح کے دگرگوں ملکی حالات ہیں اس میں تو صنعت انتہائی خراب صورتحال کا شکار ہے ایسے میں صنعتکار کیسے ٹیکس دے سکتے ہیں

Related posts