جنید جمشید نے 3 شادیاں کیں

ملتان(نیوزلائن) فضائی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے جنید جمشید ماضی کے معروف پاپ سنگر اور موجود مذہبی اسکالر تھے، ان کا نام دنیا کے 500 بااثر افراد کی لسٹ میں بھی شامل تھا۔ جنید جمشید مذہبی اسکالر کے علاوہ معروف نعت خواں اور سماجی کارکن تھے۔ جنوبی پنجاب میں خون کے امراض میں مبتلا بچوں کیلیے انھوں نے ناقابل فراموش خدمت سر انجام دی ہیں۔ ملتان میں انھوں نے متعدد بار تعلیمی اداروں میں ہونیوالی تقریبات میں شرکت کی اور نوجوانوں کو خون کے عطیات دینے کی اپیل کی تھی، خود بھی خون کا عطیہ دیا تھا۔ جنوبی پنجاب میں لائے جانیوالے پہلے تھیلیسیمیا موبائل اسپتال کیلیے انھوں نے ذاتی طور پر فنڈز بھی دیئے تھے اور اگلے سال جنوبی پنجاب کے بچوں کیلیے ناروے اور بیلجیئم میں تقریبات کرنی تھی۔ ملتان کی صنعتکار فیملی فیصل مختار کی بہن فادیہ جنید جمشید کی منہ بولی بہن تھیں اور ان کیساتھ سماجی خدمات سرانجام دیتی تھیں۔ جنید جمشید نے13 مرتبہ حج کی سعادت حاصل کی اور اگر ہم دنیا کا سفر کرنیوالے پاکستانیوں کی بات کریں تو ان کا شمار ان سرفہرست پاکستانیوں میں ہوتا تھا جنھوں نے سب سے زیادہ ملکوں میں جاکر مذہبی پروگراموں میں شرکت کی۔ جنید جمشید نے 3 شادیاں کی تھیں ان کی بڑی بیگم عائشہ جنیدسے ان کے 3بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے ہی انھوں نے اپنے بڑے بیٹے تیمور جنید کی شادی دھوم دھام سے کی تھی۔ ان کی دوسری بیگم کا تعلق اسلام آباد اور حادثے میں جاںبحق ہونے والی نیہاجنید کا تعلق لاہور سے تھا۔ دونوں بیگمات سے ان کی کوئی اولادنہیں ہے۔

Related posts