خاتون آفیسر کو گالیاں: ضلعی انتظامیہ چیئرمین میونسپل کمیٹی کے سامنے بے بس


فیصل آباد(احمد یٰسین)فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ خاتون ایجوکیشن آفیسر کو گالیاں دینے والے چیئرمین میونسپل کمیٹی اور اس کے حواریوں کے سامنے بے بس ہو گئی ۔کمشنر‘ ڈپٹی کمشنر‘ چیئرمین ایجوکیشن اتھارٹی ‘ سی ای او ایجوکیشن‘ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سمیت کوئی آفیسر چیئرمین میونسپل کمیٹی سمندری اور اس کے حواریوں کیخلاف ایکشن لینے اور خاتون ایجوکیشن آفیسر کو تحفظ دینے میں کامیاب نہیں ہو پا رہا۔ خاتون آفیسر ہر طرف سے مایوس اور بے بس ہو کر بطور احتجاج اپنے عہدے سے مستعفی ہونے پر غور کرنے لگی۔نیوزلائن کے مطابق خاتون ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر سمندری حمیرا صدف نے ایک مقامی کونسلر ارشد منج کے گورنمنٹ گرلز ایلمنٹری سکول 470گ ب سمندری کی عمارت گرانے اور ملبہ فروخت کرنے کا سکینڈل پکڑا۔ اعلیٰ حکام کے حکم پر خاتون آفیسر نے سرکاری سامان فروخت کرنے والے کونسلر کیخلاف کارروائی کیلئے متعلقہ حکام کو رپورٹ کر دی۔ انصاف کی کارروائی میں چیئرمین میونسپل کمیٹی سمندری راؤ وقاص کود پڑا۔ راؤ وقاص نے فون کرکے خاتون ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر کو گالیوں سے نوازا اور دھمکیاں دیتا رہا۔ خاتون نے اس معاملے بارے چیئرمین ایجوکیشن اتھارٹی‘ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام کو رپورٹ کر دی۔مگر کسی نے چیئرمین میونسپل کمیٹی کیخلاف ایکشن لیا اور نہ خاتون کو تحفظ دینے کیلئے کوئی اقدام اٹھا سکے۔ سکول کی عمارت گرانے‘ ملبہ فروخت کرنے اور اراضی پر قبضہ کرنے کا معاملہ اپنی جگہ انکوائری طلب پڑا ہوا ہے۔ یہی نہیں راؤ وقاص اور اس کے حواریوں نے اعلیٰ حکام کو ڈیڑھ درجن سے زائد درخواستیں دے کر خاتون آفیسر کیخلاف مختلف فورمز پر انکوائریاں شروع کروا دی ہیں اور خاتون آفیسر جگہ جگہ ناکردہ گناہ کی انکوائریاں بھگت رہی ہیں۔اعلیٰ حکام بھی خاتون آفیسر کی کسی بات پر کان دھرنے اور اسے ’’بااثر‘‘ ن لیگی چیئرمین میونسپل کمیٹی اور اس کے حواریوں سے تحفظ دینے میں ناکام ہیں۔ حالات اور کمشنر ‘ ڈپٹی کمشنر‘ چیئرمین ایجوکیشن اتھارٹی‘ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی اور دیگر اپنے تائیں اعلیٰ افسران کے ایک ن لیگی چیئرمین میونسپل کمیٹی کے سامنے بے بس ہونے سے دلبرداشتہ خاتون ایجوکیشن آفیسر نے مستعفی ہونے اور کسی کونے کھدرے میں چھپ جانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

Related posts