خواتین اینکرز کو جنسی ہراساں کرنیوالے پی ٹی وی حکام کو کھلی چھوٹ

اسلام آباد(نیوز لائن)خواتین اینکرز کو جنسی ہراساں کرنیوالے پاکستاں ٹیلی ویژن کے ذمہ دار حکام کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے وزارت اطلاعات اور پی ٹی وی کے چیئرمین گریزاں ہیں اور متعلقہ حکام کو کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے۔ نیوز لائن کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کی خواتین اینکرز کی طرف سے شکایات سامنے آتی رہی ہیں کہ پی ٹی وی کے بعض ذمہ داران انہیں جنسی ہراساں کرتے ہیں۔ انہیں کنٹریکٹ میں توسیع دینے اور دیگر مختلف طرح کے لالچ اور دھمکیاں دے کر ہراساں کیا جا تا ہے اور تعلقات بنانے پر مائل کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ پی ٹی وی حکام نے ان شکایات پر کو ئی نوٹس نہ لیا تو ان خواتین اینکرز میں سے 6خواتین اینکرز اپنا کیس اعلیٰ فورم پر لے گئیں۔ معاملہ مختلف فورمز سے ہو تا ہوا نئی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگ زیب کے پاس پہنچ گیا مگر خاتون ہونے کے باوجود انہوں نے بھی خواتین اینکرز کیساتھ ہونیوالے استحصال پر کوئی داد رسی نہ کی۔نیوز لائن کے مطابق یہ معاملہ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات میں بھی موضوع بحث رہا اور اس کے اجلاس میں وزیر مملک مریم اورنگ زیب نے خواتین اینکرز کے ساتھ یہ بد سلوکی کرنے والے شخصیت کے خلاف سخت ایکشن لینے کی یقین دہانی کروائی مگربعد ازاں وہ معاملے ایکشن لینے سے گریزاں ہو گئیں۔

Related posts