دبنگ خان کی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کا بزنس پہلے روز 26 کروڑ‘مایوس کن قرار

ممبئی(نیوزلائن)سلمان خان کی نئی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز بھارت سمیت دنیا بھر سے 26 کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی لیکن اس کے باوجود دبنگ اداکار کی فلم کو مایوس کن قرار دیا جا رہا ہے۔ دبنگ خان کی گزشتہ روز ریلیز ہونے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ ایک ہی وقت میں بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی گئی، بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش کے مطابق ’’ٹیوب لائٹ‘‘نے ریلیز کے پہلے دن بھارت میں 21 کروڑ15 لاکھ کا بزنس کرکے سلمان کی گزشتہ فلموں کے مقابلے میں کم بزنس کیا ہے۔ ہدایت کار کبیر خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کو ریلیز سے قبل تنقید کا سامنا تھا اور تجارتی تجزیہ نگار گریش جوہر کا کہنا تھا کہ تنقید فلم کے بزنس کو متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خان اپنی فلموں میں اکثر سپر ہیرو کی طرح نظر آتے ہیں اور یہی چیز مداحوں کو پسند ہے تاہم اس فلم میں انہوں نے بہت سادہ انسان کا کردار ادا کیا ہے لیکن فلم میں ان کی پرفارمنس بہت ہی شاندار ہے اس لیے ان کے چاہنے والوں کو تنقید کی پرواہ کئے بغیر سینما جا کر اپنے پسندیدہ اسٹار کی پرفارمنس ضرور دیکھنی چاہیئے۔ گریش جوہر نے کہا کہ سلمان نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فلم کو عید کے موقع پر ریلیز کیا ہے اور عید کی چھٹیاں اور ویک اینڈ ہونے کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں سینما کا رخ کریں گے اور فلم بھارت میں بہتر بزنس کرے گی۔ دوسری جانب بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے لکھا، ’’ سلمان خان جیسے زبردست اداکار اور شاندار منظر نگاری کے باوجود فلم میں کوئی دم نہیں۔ واضح رہے کہ سلمان خان کی عید کے پہلے دن ریلیز ہونے والی گزشتہ فلموں جیسے سلطان نے 36.54 کروڑ ، بجرنگی بھائی جان نے 27.25 کروڑ ، کک نے 26.4 کروڑ اورایک تھا ٹائیگر نے 32.93 کروڑ کا بزنس کیا تھا ۔ سلمان خان نے فلم’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں ان کی پرفارمنس پر تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنقید ہمیشہ آپ کے اور آپ کے کام کے لیے اچھی ہوتی ہے، میں منفی تین اور چار کی امید کر رہا تھا لیکن لوگوں نے مجھے ایک اور دو پوائنٹس دئیے، یہ نمبر حاصل کر کے بہت خوش ہوں۔ فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں 60 کی دہائی میں ہونے والی بھارت چین جنگ کی عکاسی کی گئی ہے، جس میں سلمان خان ایک سادہ اور قدرے سست انسان کا کردار نبھا رہے ہیں، جس سے اس کا بھائی جنگ کے دوران بچھڑ جاتا ہے، اداکار سہیل خان نے فلم میں سپاہی اور سلمان خان کے بھائی کا کردار نبھایا ہے جبکہ فلم میں بھارتی لیجنڈ اداکار اوم پوری، چینی اداکارہ ژوژو اور شاہ رخ خان بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

Related posts