دھند‘ اندھا دھند: پنجاب میں زندگی مفلوج‘ حادثات کی بھرمار

لاہور (نیوزلائن) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے، حد نگاہ صفر ہوگئی ،موٹر وے بند ،مختلف ٹریفک حادثات میں16افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعد د زخمی ہوگئے ہیں ۔ نیوزلائن کے مطابق پنجاب بھر میں دھند کا راج برقرار ہے ،اور قاتل دھند کئی قیمتی جانیں لے چکی ہے ،حد نگاہ صفر ہونے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹروے ایم 2 بند کر دی ہے جبکہ دھند کے باعث مختلف شہروں میں ہونے والے حادثات کے باعث 16 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،جاں بحق ہونے والوں میں کئی خواتین بھی شامل ہیں ۔ پتوکی بائی پاس پر دو ٹریفک حادثات میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئےجبکہ دوسرے حادثے میں بس کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد دم توڑ گئے۔ ملتان سے شجاع آباد آتے، کالی پل کے قریب شدید دھند کے باعث گاڑی نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔وہاڑی کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سلانوالی میں سرگودھا روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں کو کچل دیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی دو مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ شدید دھند کے باعث نارووال میں بھی بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم ہو گیا۔ حادثے میں زخمی 4 مسافر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیئے گئے۔

Related posts