ریسلنگ لیجنڈ بگ وین ویڈر مرنے کے قریب

لاس اینجلس: (نیوزلائن) ریسلنگ لیجنڈ بگ وین ویڈر کے مداحوں کیلئے بری خبر، دل کے عارضے کی وجہ سے شاید وہ زیادہ دیر زندہ نہ رہ سکیں۔ ڈاکٹروں نے انھیں اس بات سے آگاہ کر دیا ہے۔
نیوزلائن کے مطابق ورلڈ چیمپئن ریسلنگ (ڈبلیو سی ڈبلیو) اور ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے مایہ ناز پہلوان بگ وین ویڈر کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ ان کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ڈاکٹروں نے دل کے عارضے میں مبتلا ہونے کی وجہ سے انھیں اس بات سے آگاہ کر دیا ہے کہ شاید وہ مزید دو سال تک زندہ رہ سکیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لیجنڈ ریسلر بگ وین ویڈر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے اپنے مداحوں کو اپنی حالت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ امراض قلب کے ڈاکٹروں نے انھیں بتایا ہے کہ ریسلنگ اور فٹبال کھیلنے کی وجہ سے ان کا دل بہت کمزور ہو چکا ہے۔ 61 سالہ ریسلر نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطابق انھیں شدید عارضہ قلب لاحق ہے۔ ویڈر کے مداحوں نے ان کی اس حالت پر گہرے رنج وغم اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔
نیوزلائن کے مطابق کنجسٹو ہارٹ فیلئر کا عارضہ اس وقت لاحق ہوتا ہے جب دل کے پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں، جس سے خون درست طریقے سے پمپ نہیں ہو پاتا۔ ویڈر نے بتایا کہ سالہا سال ریسلنگ اور فٹبال کھیلنے کی وجہ سے انھیں یہ عارضہ لاحق ہوا ہے۔ ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل بگ وین ویڈر لاس اینجلس ریمز کی جانب سے فٹبال کھیل چکے ہیں تاہم گھٹنے میں انجری کے باعث انھیں اس کھیل سے ریٹائرمنٹ لینا پڑی تھی۔

Related posts