سعد رفیق کے ذریعے نواز شریف کو خفیہ پیغام پہنچایا گیا

لاہور(نیوزلائن)نوازشریف کے قافلے میں اچانک تیزی کا سبب خواجہ سعد رفیق کو ملنے والا ایک خفیہ پیغام تھا برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی ایک خبر میں دعویٰ کیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق نے چند افراد سے ملاقات کے بعد قافلے کو تیز رفتاری سے راولپنڈی سے لے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق راولپنڈی کے کچہری چوک پہنچے تو اس دوران چند افراد ان سے ملنے آئے اور انھیں اپنے ساتھ لے گئے۔ کچھ دیر بعد ان کی واپسی ہوئی تو وہ سیدھے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی گاڑی میں پہنچے اور اس کے بعد ریلی اس قدر تیز رفتاری سے آگے بڑھی کہ راولپنڈی اور جہلم کے درمیانی علاقوں میں نواز شریف کے استقبال کیلئے انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ نواز شریف کے قافلے کی سپیڈ بہت زیادہ بڑھ گئی اور قافلہ اس قدر تیز رفتاری سے گزرتا گیا کہ راستے میں منتظر استقبالی پارٹیاں دیکھتی رہ گئیں۔ اور نواز شریف کسی جگہ نہ رکے، قافلہ 120 کی سپیڈ سے جہلم جا کر رکا، پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا کہ جو لوگ خواجہ سعد رفیق کو لے کر گئے انہوں نے سعد رفیق کی وساطت سے نواز شریف کو کوئی پیغام دیا۔ جس کے بعد نواز شریف نے پلان تبدیل کیا اور کسی بھی جگہ رکے بغیر سیدھے جہلم چلے گئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے نواز شریف کی سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا، جس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ سعد رفیق کے ذریعے نواز شریف کو کوئی پیغام پہنچایا گیا تھا۔

Related posts

Leave a Comment