سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی کی ٹیم کو سرکاری سکول کی لڑکیوں نے ہرا دیا


فیصل آباد(نیوزلائن)مایہ ناز قومی اسپنر اور جادوگر کہلانے والے باؤلر سعید اجمل کی قیادت میں فیصل آباد ریجن کی ٹیم 16ٹیموں کی ٹورنامنٹ میں سولہویں نمبر پر تو رہی ہی تھی مگر بلند بانگ دعووں کے باوجودوہ اپنی ذاتی اکیڈمی کے کرکٹرز کے ٹیلنٹ کو بھی نکھارنے اور ان میں کرکٹ کا جادو منتقل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ سعید اجمل نے فیصل آباد میں کرکٹ اکیڈمی انتہائی بلند بانگ دعووں کیساتھ شروع کی تھی اور ان کی اکیڈمی فیصل آباد کی مہنگی ترین کرکٹ اکیڈمی ہے۔ کرکٹرز سے بھاری فیس لینے کے باوجود وہ انہیں جادوگر کرکٹر بنانے میں کامیاب نہیں ہو پائے۔ سعید اجمل کرکٹ اکیڈمی کی گرلز کرکٹ ٹیم فیصل آباد کے ایک مقامی سرکاری سکول کی نوآموز لڑکیوں کی ٹیم سے بری طرح ہار گئی۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی کے زیر اہتمام ہونے والے اس مقابلے میں سعید اجمل اکیڈمی کی ٹیم کو ہارٹ فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا ۔ اکیڈمی کی مقابل ٹیم گورنمنٹ گرلزہائی سکول چک نمبر 202رب گٹی کی تھی ۔ جسے مناسب سہولیات میسر تھیں اور نہ اکیڈمی جیسے مہنگے اخراجات کرنے کے مواقع فراہم تھے۔ ٹورنامنٹ سے قبل گٹی کی ٹیم کو پہلے ہی میچ میں باہر کرنے کی دعویدار سعید اجمل اکیڈمی کی ٹیم کا گٹی کیساتھ ٹاکرا فائنل میں ہوا اور گٹی سکول کی ٹیم نے سعید اجمل اکیڈمی کی ’’ہونہار‘‘ ٹیم کو کھیل کے تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کر دیا۔سعید اجمل اکیڈمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 70رنز بنا پائی جسے گٹی کی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر کے قائداعظم ڈسٹرکٹ گرلز کرکٹ چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

Related posts

Leave a Comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.