سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں میڈیا کاکرداربارے مباحثہ


فیصل آباد(نیوزلائن)جرنلسٹس فار ڈیموکریسی اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام میڈیا کا مذہبی و سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں کردار بارے فیصل آباد میں ایک مباحثہ ہوا۔مباحثے کے دوران معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت کے روئیے‘ مذہبی و سماجی عدم مساوات ‘ طبقاتی تفریق کی بنیاد پر جانبدارانہ اقدامات کے مخلتف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے میڈیا کے کردار پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ میڈیا رپورٹس میں جانبداری کے عنصر کو کم سے کم کرنے اور میڈیا رپورٹس میں کسی بھی معاملے کی تمام پہلوؤں سے کوریج یقینی بنانے بارے گفتگو کی گئی۔ مباحثے کے دوران فیصل آباد کے مجموعی مذہبی‘ سماجی رویہ بھی زیر غور آیا اور صنعتی شہر میں لیبر کلاس کے کردار بارے بھی بات چیت کی گئی۔ فیصل آباد میں قومی اور مقامی میڈیا میں ورکرز کے حالات کار اور وہاں کے رپورٹنگ ایشوز پر بھی بات چیت ہوئی۔ مباحثے کے دوران سماجی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے میڈیا کے کردار کے مختلف پہلو بھی زیر غور رہے اور اس بارے تفصیلی مشاورت کی گئی۔مباحثے میں جے ڈی ایچ آر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد جمیل کے علاوہ سول سوسائٹی ایکٹوسٹ امینہ زمان‘ جی سی یونیورسٹی کے میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی سینئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر ارم سلطانہ‘ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے اقلیتی ممبر الفونس جان سہوترا‘ میونسپل کارپوریشن کی خاتون ممبر اور ن لیگ کی رہنمازاہدہ بھٹی‘ پی ٹی آئی کے ترجمان نقاش احمد‘ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق اسسٹنٹ سیکرٹری حامد یٰسین‘ فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر طاہر رشید‘ جنرل سیکرٹری ندیم جاوید‘سینئر صحافی میاں افتخار احمد‘بیورو چیف روزنامہ جہان پاکستان عرفان جاوید‘ فیصل آباد پریس کلب کے سابق سیکرٹری حامد رفیق‘ روزنامہ خبریں کے کرائم رپورٹر عاطف چوہدری‘ قیس عالم‘ سینئر فوٹو گرافر راشد علی‘رخشندہ رفیق‘ فرزانہ‘ ولیجا‘ مہران خان و دیگر نے شرکت کی۔

Related posts