سمگل شدہ ادویات کی غیرقانونی فروخت‘ محکمہ صحت خاموش تماشائی



فیصل آباد(ندیم شہزاد)فیصل آباد میں بڑے پیمانے پر سمگل شدہ غیرملکی ادویات کی غیرقانونی فروخت ہونے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔غیرملکی سمگل شدہ ادویات کے علاوہ جعلی ادویات ‘ غیرمعیاری اور نان رجسٹرڈ ہربل و ہومیو پیتھی ادویات‘ نشہ آور ادویات‘ فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں فروخت ہو رہی ہیں۔ ایک قانون نافذ کرنے والے ادارے کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور اس دھندے کا سب سے بڑا مرکز ہے تاہم فیصل آباد سمیت صوبہ کے تمام شہروں میں یہ دھندہ ہو رہا ہے۔ آن لائن ادویات کی فروخت کی آڑ میں جعلی ‘ غیرمعیاری‘ سمگل شدہ ادویات کی فروخت کی جارہی ہے۔ ایک اہم سرکاری ادارے کی خصوصی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ کینسر،جگر،گردے اوردل کی بیماریوں سمیت مختلف امراض کیلئے غیر ملکی ادویات بڑے پیمانے پر سمگل ہورہی ہیں اور مارکیٹ میں اس کی فروخت بھی کی جارہی ہے۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ سمگل شدہ مہنگی ادویات فارمیسی کی بجائے خفیہ مقامات سٹور کی جاتی ہیں اورآرڈرموصول ہونے پرڈلیوری دی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو اس صورتحال کا علم ہے مگر اس کے باوجود محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

Related posts