سی پی این ای میڈیا سیفٹی اینڈ سیکورٹی کمیٹی کے قیام کا اعلان


کراچی (نیوزلائن) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی میڈیا سیفٹی اینڈ سیکورٹی کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق میڈیا سیفٹی اینڈ سیکورٹی کمیٹی کے مقاصدمیں اخبارات و جرائد / میڈیا ہاؤسز کے ملازمین اور ایڈیٹروں کو سیکورٹی کے حوالے سے خطرات کی تشخیص اور ان کے لئے سیکورٹی آڈٹ تجویز کرنا اور سیکورٹی اداروں سے رابطے قائم کرنا ہے۔ کمیٹی اپنے فیصلوں، سفارشات اور کارکردگی کے بارے میں سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو وقتاً فوقتاً آگاہ کرے گی۔ سی پی این ای کے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میڈیا سیفٹی اینڈ سیکورٹی کمیٹی کی منظوری سی پی این ای کے صدر عارف نظامی کی صدارت میں منعقدہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں دی گئی ہے۔سی پی این ای کی میڈیا سیفٹی اینڈ سیکورٹی کمیٹی کے چیئرمین ماہنامہ ڈیفنس جرنل کے چیف ایڈیٹر اکرام مجید سہگل جبکہ ڈپٹی چیئرمین کرن ڈائجسٹ گروپ کے چیف ایڈیٹر عامر محمود مقرر کئے گئے ہیں جبکہ عارف نظامی (پاکستان ٹوڈے)، امتنان شاہد (روزنامہ خبریں)، رحمت علی رازی (روزنامہ طاقت)، طاہر فاروق (روزنامہ اتحاد)، ڈاکٹر جبار خٹک (روزنامہ عوامی آواز)، عارف بلوچ (روزنامہ بلوچستان ایکسپریس)، حامد حسین عابدی (روزنامہ امن)، عدنان ملک (روزنامہ امت)، اعجازالحق (روزنامہ ایکسپریس)، امتیاز عالم (ماہنامہ ساؤتھ ایشین جرنل)، کاظم خان (ڈیلی ٹائمز)، انور ساجدی (روزنامہ انتخاب)، سردار خان نیازی (ماہنامہ نیا رخ)، ممتاز احمد صادق (روزنامہ آزادی سوات) اور طارق عزیز (روزنامہ سچل ٹائمز) کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

Related posts