عمران خان نے ووٹ کی سیکریسی اوپن کردی: سزائے قید کا امکان


فیصل آباد(ندیم جاوید)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ووٹ کی سیکریسی اوپن کردی۔ قوانین کی رو سے انہیں دو سال سزائے قید ہو سکتی ہے۔ پولنگ عملہ اور الیکشن کمیشن خود بھی اس کا نوٹس لے سکتا ہے جبکہ کوئی بھی پاکستانی عمران خان کے اس عمل کیخلاف عدالت سے رجوع کرکے انہیں سزا دلوانے کی کارروائی کرسکتا ہے۔نیوزلائن کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں این اے 53میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔ ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے عمران خان نے ووٹ کے تقدس بارے قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ ووٹ کی سیکریسی اوپن کردی ۔ عمران خان پولنگ بوتھ میں اپنے ساتھ پی ٹی آئی کارکن لے کر آئے جبکہ میڈیا کے کیمرے بھی وہاں اپنے ساتھ لائے۔ عمران خان نے کیمروں اور پی ٹی آئی کارکنوں کے سامنے بیلٹ پیپر پر بلے کے نشان پر مہر لگائی ۔ کیمروں نے عمران خان کے نشان لگانے کی ویڈیو بنائی ۔ قانونی ماہرین کے مطابق عمران خان کا یہ عمل ووٹ کی سیکریسی اوپن کرنے کے مترادف ہے جو کہ الیکشن قواعد کی رو سے سنگین جرم ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس جرم میں عمران خان کو دو سال تک سزائے قید ہو سکتی ہے۔پولنگ عملہ بھی اس کا نوٹس لے کر عمران کیخلاف قانونی کارروائی کرسکتا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کو بھی اس پر کارروائی کرنے کا اختیار ہے۔ اس کے علاوہ ووٹ کی سیکریسی اوپن کرنے کے جرم میں کارروائی کیلئے کوئی بھی پاکستانی شہری عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔

Related posts