عید پر گرمی کا راج‘ آج سے بارشیں شروع ہونے کی پیش گوئی


اسلام آباد(نیوزلائن)عید کے پہلے روز ملک بھر میں گرمی کا راج رہا۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں گرمی نے ریکارڈ توڑ دیے۔ لوگوں نے دن کے وقت گھر میں آرام کو ترجیح دی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ عید کے پہلے روز ملک بھر میں سورج قہر برساتا رہا جس سے لوگوں کا مزہ کرکرا ہو گیا۔ دن کے اوقات میں گھومنے پھرنے کا پروگرام بنانے والے گھر میں ہی بیٹھے رہے۔ عید کی نماز کے بعد لوگوں نے گھر سے نہ نکلنے کو ہی ترجیح دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اور ملتان میں 41 ڈگری تک گرمی پڑی جبکہ حیدر آباد اور فیصل آباد میں درجہ حرارت 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور اور اسلام آباد میں بھی گرمی ٹکا کر پڑی۔ دونوں شہروں میں درجہ حرارت 39 ڈگری رہا۔ کوئٹہ میں 38 اور کراچی میں 37 ڈگری تک سورج نے آنکھیں دکھائیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہریوں کو بارشوں کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ہفتے سے ملک بھر میں مون سون بارشیں شروع ہوں گی۔ اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

Related posts