فیصل آباد میں زہریلی شراب بنانے کا دھندا: پولیس خاموش تماشائی


فیصل آباد(عاطف چوہدری)فیصل آباد ریجن میں بڑے پیمانے پر جعلی شراب بنانے کا دھندا ہورہا ہے مگر پولیس سب حالات سے آگاہ ہونے اور زہریلی شراب تیار کرنے والوں کی لسٹیں موجود ہونے کے باوجود کوئی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ فیصل آباد ریجن کے 113جعلی شراب بنانے والوں کی لسٹ پولیس نے تیار کر رکھی ہے مگر ان میں سے کسی ایک کیخلاف بھی مقامی پولیس حکام کارروائی کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد ریجن کے اضلاع فیصل آباد‘ جھنگ ‘ چنیوٹ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بڑے پیمانے پر جعلی اور زہریلی شراب بنانے کا دھندا ہو رہا ہے۔ اس دھندے میں کئی نام نہاد سفید پوشوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ پولیس کی اپنی تیار کردہ لسٹ کے مطابق ضلع فیصل آباد میں 89زہریلی شراب بنانے والوں کے ٹھکانے ہیں۔ جھنگ میں 20اور چنیوٹ میں 4ٹھکانے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس زہریلی شراب بنانے والوں کی لسٹ ہی تیارنہیں کرسکی اور بار بار نوٹس ملنے کے باوجود ٹوبہ پولیس اس حوالے سے کام کرنے سے گریزاں ہے۔ پولیس کی خفیہ رپورٹ کے مطابق فیصل آباد ریجن میں تیار ہر کر یہ زہریلی شراب ارد گرد کے علاقوں سرگودھا‘ ملتان‘ ساہیوال‘ اوکاڑہ‘ ننکانہ صاحب‘ شیخوپورہ‘ لاہور میں بھی سپلائی ہوتی ہے۔ اصلی جیسی پیکنگ کیساتھ سپلائی ہونے سے اس زہریلی شراب کی پہچان بھی مشکل ہو جاتی ہے۔پولیس کی خفیہ رپورٹ میں زہریلی شراب بنانے والوں کے نام ‘ ولدیت‘ گھر کا ایڈریس‘ زہریلی شراب بنانے کے ٹھکانے‘ بعض کے فون نمبر‘ متعلقہ پولیس سٹیشن کا حوالہ اور دیگر اہم معلومات بھی دی گئی ہیں۔ ان تمام معلومات کے حاصل ہونے اور رپورٹس مرتب ہونے کے باوجود پولیس زہریلی شراب بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے پر آمادہ نہیں ہے اور انہیں کھلی چھٹی دیدی گئی ہے۔

Related posts