فیصل آباد میں کروڑوں کا بوگس ریفنڈ‘ نیب نے تحقیقات شروع کردیں


فیصل آباد(ندیم جاوید)آر ٹی او فیصل آباد سے کروڑوں روپے کا جعلی ریفنڈ جاری کروانے پر نیب نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ نیب کو تحقیقات کرنے کا حکم وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دیا ہے اور ہدائت کی ہے اس کیس میں ملوث کسی آفیسرکیساتھ کوئی رعائت نہ کی جائے۔ جس جس نے کرپشن کی ہے اس کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ نیوزلائن کے مطابق سال 2013میں آر ٹی او فیصل آبادمیں کروڑوں روپے کا جعلی و بوگس فنڈ غیرقانونی طریقے سے لئے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔اس معاملے میں سابق وفاقی ٹیکس محتسب شعیب سڈل‘سابق چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم‘سابق چیف کمشنر آر ٹی او فیصل آباد توقیر اکبر‘سابق کمشنر ان لینڈ ریونیو محمود اسلم ‘ اور ملک محمد بشیرایڈووکیٹ کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس معاملے میں ایک شہری نے نیب کو انہی دنوں شکائت کی تھی جس پر تحقیقات رکی ہوئی تھیں۔ شہری نے اس بارے وزیر اعظم پاکستان کو ایک درخواست دی جس پر ایکشن لیتے ہوئے وزیر اعظم شاہدخاقان عباسی نے نیب کو تحقیقات کی ہدائت کی۔وزیر اعظم کی ہدائت پر نیب نے اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ایف بی آر حکام سے اس تمام معاملے کی دستاویزات طلب کر لی ہیں۔

Related posts