لینڈ مافیا کو اربوں کا فائدہ پہنچانے کیلئے ’’ماسٹر پلان ‘‘سازش


فیصل آباد(احمد یٰسین)لینڈ مافیا کو فائدہ پہنچانے کیلئے ایف ڈی اے نے’’ فیصل آباد 2035‘‘ماسٹر پلان کو تبدیل کر نے اورمخصوص مفادات کے تحت مخصوص قسم کی تبدیلیوں کیساتھ ایک نیا’’ ماسٹر پلان‘‘ بنانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔تمام صوبائی سرکاری محکموں‘ ضلعی ڈیپارٹمنٹس‘ پلاننگ ڈویژن کی مشاورت اور طویل پلاننگ کیساتھ بنائے گئے ’’فیصل آباد2035‘‘ ماسٹر پلان کو ایف ڈی اے حکام لینڈ مافیا کو پہنچانے کیلئے بدلنے کی سازش کر رہا ہے اور اس میں ایف ڈی اے کے اعلیٰ افسران کے ملوث پائے جا رہے ہیں۔ نئے ایف ڈی اے کے ماسٹر پلان کو ماہرین ایک سازش اور پیسے کے ضیاع سے زیادہ کچھ قرار نہیں دے رہے۔ نیوزلائن کے مطابق سابق ڈی سی اواور ایڈمنسریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد نورالامین مینگل نے تمام سرکاری محکموں ‘ ضلعی محکموں اور پلاننگ ڈویژن کی مشاورت سے ایک ماسٹر پلان تشکیل دیا تھا۔’’ فیصل آباد 2035‘‘ماسٹر پلان میں ایف ڈی اے ‘ واسا‘ ریونیو‘ ورکس‘ سمیت تمام محکموں سے طویل مشاورت کی جاتی رہی۔’’فیصل آباد2035‘‘ماسٹر پلان کی تیاری کے ہر مرحلے میں ایف ڈی اے شامل رہی اور اس کی سفارشات اس پلان کا حصہ بنائی گئیں۔فیصل آباد 2035ماسٹر پلان پر عمل درآمد کا آغاز ہوا تو سب سے زیادہ لینڈ مافیا زد میں آیا اور لینڈ مافیا کے مفادات بری طرح کچلے جانے لگے۔ سمندری روڈ پر ایک بڑے ڈویلپر کی کالونی زد میں آئی تو مخصوص مفادات رکھنے والے اس پلان کو ہی ختم کرنے پر تل گئے۔ لینڈ مافیا کے متعدد افراد نے ایف ڈی اے کے اعلیٰ افسران کیساتھ مل کر فیصل آباد2035ماسٹر پلان ختم کرنے کی سازش تیار کر لی۔ مخصوص افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے فیصل آباد2035ماسٹر پلان ختم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ ایک مخصوص مافیا اس کیلئے اندر کھاتے فنڈز اور دیگر ہر طرح کی معاونت فراہم کر رہا ہے ۔ماہرین کے مطابق منصوبہ بندی کیساتھ تیار کئے گئے فیصل آباد2035ماسٹر پلان کے خاتمے سے فیصل آباد میں بے ہنگم کالونیوں کا جال بچھ جائے گا جبکہ لینڈ مافیا کے بندھے ہوئے ہاتھ دوبارہ کھل جائیں گے اور ان کے سر پر ’’غیرقانونی قانونی اقدامات ہونے ‘‘کی لٹکتی ہوئی تلوار اتر جائے گی۔ فیصل آباد 2035پلان ختم ہونے سے چند مخصوص کالونیوں کو فائدہ پہنچے گا اور ایک مرتبہ پھر لینڈ مافیاکو کھل کھیلنے کا موقع مل جائے گا۔

Related posts

Leave a Comment

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.