مریم اور صفدر کی 10 سالہ برطانوی ویزہ کیلئے درخواست


اسلام آباد(نیوزلائن)پاکستان مسلم لیگ (ن )کی رہنما مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے 10 سالہ برطانوی وزٹ ویزے کی درخواست دیدی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اسلام آباد کے جی نائن سیکٹر میں واقع کوریئر کمپنی کے دفتر آئے اور برطانوی ویزے کیلئے پاسپورٹ جمع کرایا۔ذرائع کے مطابق احتساب عدالت سے استثنیٰ ملنے پر مریم نواز لندن روانہ ہوں گی جہاں وہ اپنی والدہ کلثوم نواز کی عیادت کریں گی۔ذرئع نے بتایا کہ مریم نواز کے ساتھ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ان کی بیٹی ماہ نور صفدر نے بھی پاسپورٹ جمع کرائے جبکہ دوملازمین عبداللہ اور روبینہ شوکت کے پاسپورٹس بھی جمع کرائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ماہ نورصفدرنے دس، دس سال کیلئے ویزا درخواست دی ہے جبکہ دو ملازمین کے چھ چھ ماہ کے ویزا کیلئے درخواست دی گئی۔مریم نواز،کیپٹن صفدر اور ماہ نور صفدر نے ترجیحی ویزا فیس بھی جمع کرادی ہے اور اس مد میں 1 لاکھ 12 ہزار 539 روپے جمع کرائے گئے ہیں۔مریم نواز اپنے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ نجی کورئیر کمپنی کے دفتر میں خود گئیں اور وہاں انہوں نے بائیومیٹرکس بھی کرائے۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل ان کے پاس موجود برطانیہ کا ویزا زائد المعیاد ہونے کے باعث نئے ویزاے کے حصول کیلئے درخواست دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز اور دیگر درخواست دہندگان کے پاسپورٹس بدھ کو ہی برطانوی سفارتخانے کو بھجوا دئیے گئے ہیں اور 10دن کے اندر ویزوں کے اجرا کا امکان ہے۔

Related posts