نواز،شہباز خفیہ ملاقات: ممکنہ این آر او ، حکومت سازی بارے مشاورت


اسلام آباد(نیوزلائن) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی پمز ہسپتال میں خفیہ ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کیلئے شہباز شریف ہسپتال کے عقبی گیٹ سے آئے جبکہ ان کے آنے پر عقبی طرف کی تمام لائٹس بند کردی گئیں ۔ ملاقات دونوں بھائیوں میں ون ٹو ون ہوئی اور اس دوران ہسپتال کے عملے کو بھی کمرے سے نکال دیا گیا۔ ملاقات کیلئے آنے پر شہباز شریف کے ساتھ دو اور بھی شخصیات تھیں مگر نواز شہباز ملاقات میں انہیں بھی شامل نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان ملاقات میں مقتدر قوتوں کیساتھ ممکنہ این آر او، اس کی شرائط ، این آر او پر عمل درآمد کیلئے گارنٹی کے علاوہ وفاق اور پنجاب میں ممکنہ طور پی ٹی آئی کی حکومت سازی اور اس کے اثرات پر گفتگو کی گئی ۔ ن لیگی ذرائع کے مطابق ملاقات میں میاں نواز شریف نے پنجاب اور وفاق میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا مشورہ دیا جبکہ پی ٹی آئی حکومت کو مسلسل ٹف ٹائم دینے کی ہدائت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف نے بھی اپوزیشن میں بیٹھنے کی آپشن کو پسند کیا ہے اور لولی لنگڑی حکومت بنانے سے اپوزیشن میں بیٹھنے کے آپشن کو بہتر قرار دیا۔

Related posts