نواز شریف بمقابلہ شہباز شریف


shahbaz-nawaz
اسلام آباد(رپورٹ : رانا حامد) پنجاب کے بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ کا قریب قریب کلین سویپ ہی ہے تاہم بعض علاقوں میں ن لیگ کو مقامی دھڑوں‘ کہیں پیپلز پارٹی اور کسی جگہ پی ٹی آئی کی طرف سے ہلکی پھلکی مزاحمت کا بھی سامنا ہے۔ پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلے میں سب سے دلچسپ صورتحال فیصل آباد میں نظر آ رہی ہے جہاں ن لیگ کے مدمقابل ن لیگ ہی میدان میں اتر آئی ہے۔
pmln
فیصل آباد میں بلدیاتی سیاست کے ماہر سمجھے جانے والے سابق مئیر اور سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری شیر علی ہیں تو دوسری جانب ان کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ۔چوہدری شیر علی کی میاں نوز شریف اور میاں شہباز شریف سے قریبی قرابت داری ہے مگر انہیں میاں نواز شریف کے انتہائی قریب سمجھا جاتا ہے۔ پارلیمنٹ اور کابینہ میں نہ ہونے کے باوجود چوہدری شیر علی‘میاں نواز شریف کی کچن کیبنٹ کا ہی حصہ سمجھے جاتے ہیں۔ حکومت سے زیادہ پارٹی امور میں میاں نواز شریف کی مشاورت میں شامل سمجھے جاتے ہیں۔دوسری جانب رانا ثناء اللہ ہیں جو کہ میاں شہباز شریف کے انتہائی قریب مانے جاتے ہیں اور اس وقت پنجاب حکومت کے انتہائی طاقتور وزیر ہیں۔چوہدری شیر علی کھلے عام کہتے ہیں کہ رانا ثناء اللہ کو میاں شہباز شریف کی آشیر باد حاصل ہے۔ چوہدری شیر علی تو رانا ثناء اللہ پر قتل کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی الزام عائد کرتے ہیں۔اور کہتے ہیں کہ میاں شہباز شریف ہر معاملے میں رانا ثناء اللہ کو سپورٹ کر کے شہر میں حالات خراب کررہے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے ساتھی ایم پی ایز کے ساتھ مل کر رکن صوبائی اسمبلی ملک نواز کے بھائی رزاق ملک کو مئیر فیصل آباد اور قاسم فاروق کو چیئرمین ضلع کونسل کا پارٹی ٹکٹ دلوایا۔ مگر ابھی ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع بھی نہ ہوئے تھے کہ ٹکٹ کینسل ہونے کی اطلاعات سامنے آگئیں اور کہا جانے لگا ہے کہ مقابلہ اوپن ہو گا۔سیاسی حلقے اسے بھی چوہدری شیر علی کا کمال کہہ رہے ہیں۔ چوہدری شیر علی نے رانا ثناء اللہ کے پینل کے مقابلے میں میئر فیصل آباد کیلئے شیراز کاہلوں کا پینل دیا ہے جبکہ ان کا چیئرمین ضلع کونسل کے امیدوار سابق ڈسٹرکٹ ناظم چوہدری زاہد نذیر کیساتھ بھی اتحاد ہے۔سیاسی حلقے فیصل آباد کے بلدیاتی دنگل کو میاں نواز شریف بمقابلہ میاں شہباز شریف قرار دے رہے ہیں۔ کیونکہ میاں نواز شریف کے ساتھی چوہدری شیر علی کے مقابل ہیں میاں شہباز شریف کے ساتھی رانا ثناء اللہ۔ اب کامیاب کون ہو گا اس کا فیصلہ تو الیکشن کا دنگل ہو کرے گا۔
sher-ali-zahid

Related posts