وزیراعظم ترقیاتی پروگرام: 20کروڑ کی 64سکیمیں منظور


فیصل آباد(نیوزلائن)ڈویژنل عملدرآمد ورابطہ کمیٹی برائے وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام نے 20کروڑ روپے کی لاگت سے 64سکیموں کی منظوری دیدی ہے۔منظور کی گئی سکیموں میں سڑکوں وگلیوں،قبرستانوں کی چار دیواریوں کی تعمیر،بجلی وسوئی گیس کی فراہمی،سکولوں کی چار دیواریاں،فراہمی ونکاسی آب کے منصوبے شامل ہیں۔ اجلاس کی صدارت کمشنر مومن آغا نے کی جبکہ اجلاس میں مختلف متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت منظورہونے والی ترقیاتی سکیموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے اور اعلیٰ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سکیموں کی منصوبہ بندی اورتیاری کے سلسلے میں گائیڈلائنزکوملحوظ خاطر رکھا جائے۔ منصوبوں کو جلد مکمل کرانے کے لئے ٹھیکیداروں کو متحرک کریں جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی باقاعدگی سے وزٹ کرکے تعمیراتی پیشرفت کو چیک کریں اورکوئی منصوبہ تاخیر کاشکار نہیں ہوناچاہیے۔

Related posts