ویمنز ورلڈ کپ : پہلے ہی میچ میں پاکستان کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا

لیسٹر(نیوزلائن) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 207 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقا کی کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے صرف ناہیدہ خان نمایاں بلے باز رہیں جنہوں نے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاتون خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے شبنم اسماعیل اور موسیلائن ڈینئلز دو، دو جبکہ ماریزین کیپ، ساؤتھ افریقن کپتان اور سونی لوز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی جانب سے لارا وولوارڈٹ اور لزلی لی میدان میں اتریں اور انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ وولوارڈٹ 52 جبکہ لزلی لی نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقا نے انچاسویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر کے جیت اپنے نام کی۔

Related posts