پیمرا کے خلاف ملک بھر میں کیبل آپریٹرز کی ہڑتال‘ نشریات بند


cabپاکستان بھر کے کیبل آپریٹرز نے ہڑتال کر دی۔ ملک بھر کے کیبل آپریٹرز نے ”شٹ ڈاؤن“ کیا۔ آپریٹرز کے تمام دھڑوں نے پیمرا کے خلاف دی گئی ہڑتال کی کال کی حمائت کی تھی۔ جس پر آپریٹرز نے دوپہر 2بجے سے نشریات بند کر دی۔نیوز لائن کے مطابق اسلام آباد‘ کراچی‘ لاہور‘ فیصل آباد‘ملتان‘ سکھر‘ حیدر آباد‘ پشاور‘ کوئٹہ سمیت ملک تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کے کیبل آپریٹرز نے ہڑتال میں حصہ لیا اور پیمرا کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج نوٹ کروایا۔کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں خالد ارائیں‘عمران عباس‘را نا شکیل‘ توصیف خان‘ بلال شاہ‘ ریاض حیدر‘حاجی ظفر سیال‘ محمد شفیق ڈوگر‘ محمد طاہر چوہدری‘ ببرک خان‘ نیاز شیخ و دیگر نے کہا ہے کہ کیبل کا”شٹ ڈاؤن“غیر معینہ مدت کیلئے کیا گیا ہے۔ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے تو کیبل بند رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیمرا کی جانبدارانہ پالیسیوں اور حکومت کے منفی اقدامات کی وجہ سے وہ شٹ ڈاؤن کے انتہائی اقدام پر مجبور ہوئے ہیں۔حکومت اور پیمرا ملک بھر کے کیبل آپریٹرز کا معاشی قتل کر رہی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کیبل آپریٹرز کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں ناکامی کے بعد موجودہ حالات میں کیبل پر نشریات بحال رکھنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے ملک کے بہترین مفادات میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کئے ۔ تاہم ان کے جائز مطالبات کو بھی نہیں مانا گیا ، اب ڈی ٹی ایچ کی نیلامی موخر ہونے تک نشریات بند رہیں گی ۔ کیبل آپریٹرز نے مطالبات نہ مانے جانے کی صورت آج دو پہر دو بجے سے ملک بھر میں کیبل بند کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کیبل آپریٹرز کچھ دنوں سے احتجاجی مظاہرے کر رہے تھے۔

Related posts