پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا


اسلام آباد(نیوزلائن) پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اپنی انتخابی مہم کااسلام آباد سے ریلی نکا ل کرآغاز کردیا ہے۔ بلاول بھٹو کی قیادت میں نکالی گئی ریلی اٹک‘ راولپنڈی ‘ جہلم سے ہوتی ہوئی 18جولائی کو سرگودھااور وہاں سے چنیوٹ پہنچے گی۔ ریلی 19جولائی کو فیصل آباد جائے گی اور براستہ شیخوپورہ لاہور روانہ ہوجائے گی ۔ راستے میں آنیوالے تمام شہروں میں ریلی کے استقبال کا پلان بنایا گیا ہے ۔ اٹک‘ راولپنڈی ‘ اسلام آباد اور جہلم میں بلاول کی ریلی کا مثالی استقبال کیا گیا۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اسلام آباد میں تاریخی ریلی نے بے نظیر بھٹو کے دور کی یاد تازہ کردی۔ اٹک میں بھی پی پی پی کا شو کامیاب رہا جبکہ جہلم میں رات گئے بھی پی پی پی کے سربراہ کی عوامی پذیرائی نے سیاسی تجزیہ نگاروں کو حیران کردیا۔ ہر استقبالیہ کیمپ سے بلاول نے خطاب کیا ۔ بلاول کا کہنا تھا کہ میں اصولوں اور نظریہ کی سیاست کرتا ہوں! میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ ن-لیگ اور پی-ٹی-آئی ایک ہی چیز ہے! ایک اگر ضیاء کی پیداوار ہے تو دوسری مشرف کی۔ یہ لوگ عوام کے مسائل حل ہی نہیں کر سکتے۔ بھوک مٹاؤ پروگرام کے ذریعے بھوک اور غذائی قلت کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہم عورتوں کو روزگار مہیا کر کے، با اختیار بنائیں گے۔ ہمارا رشتہ نسلوں کا رشتہ ہے! میں ان تمام کارکنان کو سلام پیش کرتا ہوں جو میرے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ ہم نے ہمیشہ بےگھر افراد کو گھر فراہم کیے ہیں اور میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے اس بار بھی ہر کسی کو چھت مہیا کریں گے۔

Related posts