پی ایس ایل کا پلے آف: لاہور میں زندگی مسکرادی


لاہور(احمد یٰسین)پی ایس ایل کے پلے آف میچ کو شہریوں نے بھرپور رسپونس دیا ہے جس سے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کاسفر مزید آسان ہو جائے گا۔ غیرملکی کرکٹرز سمیت پی ایس ایل کے پلے آف میچ سے لاہور میں زندگی بھرپور انداز میں مسکرا رہی ہے۔ اہل لاہور نے بسنت سے محرومی کو پی ایس ایل میچ بھرپور انداز میں منا کر پورا کیا۔ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان بیس بیس اوورز کا میچ ایک رنز سے پشاور جیت کے دوسرے پلے آف جسے سیمی فائنل کہا جائے تو زیادہ اچھا ہوگا میں پہنچ گیا۔ مگر اصل میچ گراؤنڈ کے اندر نہیں باہر تھا۔ شائقین اور دہشت گردوں کے خوف کا مابین ۔ کرکٹ بھی اس میچ میں فریق تھی۔ اس میچ میں کرکٹ نے شائقین کا اور شائقین کا ساتھ بھرپور انداز میں دیا۔دونوں کے باہمی ساتھ کی بدولت یہ میچ کرکٹ اور شائقین جیت گئے۔ دہشت گردی‘ دہشت گردوں اور دہشت گردوں کے خوف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ زندگی جیت گئی۔ خوف ہار گیا۔ پی ایس ایل میچ کے دوران زندگی بھرپور انداز میں مسکراتی رہی۔ شہریوں نے بھرپور انداز میں پی ایس ایل میچ کو انجوائے کیا۔ میچ سے پہلے‘ میچ کے دوران اور میچ کے بعد شہری مختلف انداز میں پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے۔

Related posts