ڈرائی پور ٹ پر کروڑوں کے گھپلے:ایف آئی اے کا چھاپہ


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے معاملات میں کروڑوں روپے کے گھپلو ں‘ بے قاعدگیوں اور سرکاری خزانے کو ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں نقصان پہنچانے کی تحقیقات ایف آئی اے نے شروع کر دی ہیں۔ ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے ڈرائی پورٹ پر چھاپہ مارا اور ایف ڈی ٹی کے کمپیوٹرز‘ فائلیں اور دیگر متعلقہ سامان قبضے میں لے لیا ہے۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے معاملات میں کروڑوں روپے کے ہیرپھیر کی اطلاعات سامنے آرہی تھیں۔ ایف آئی اے کو بھی اس حوالے سے شکایات موصول ہوئیں جبکہ ایف بی آر کو بھی کسٹم ڈیوٹی اور دیگر معاملات میں قواعد سے ہٹ کر کام کئے جانے کی رپورٹس مل رہی تھیں۔ شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم نے گزشتہ روز فیصل آباد ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے دفتر پر چھاپہ مارا اور متعلقہ ریکارڈ ے علاوہ کمپیوٹرز بھی قبضے میں لے لئے۔چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کے دوران دفتر میں موجود عہدیداروں اور عملے کے موبائل فون بھی قبضے میں لے لئے تاہم موقع پر ابتدائی پوچھ گچھ اور موبائل ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد ان کے موبائل فون واپس کردئیے۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے موجودہ اور سابق عہدیداروں کو مزید تحقیقات کیلئے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کرپشن ثابت ہونے پر ملزمان کیخلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔

Related posts