کرائسٹ چرچ ٹیسٹ؛ پاکستانی ٹیم 133 رنز پر ڈھیر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی جب کہ نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے 133 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور 35 رنز پر 2 کیوی بلے باز آؤٹ ہو چکے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری جب محمد عامر نے ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیو کیا جب کہ کیوی قائد کین ولیمسن 4 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بنے۔
قبل ازیں میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے مصباح الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین کیپس کی جانب سے سمیع اسلم اور اظہرعلی نے اننگز کا آغاز کیا تو 31 کے مجموعی اسکور پر اظہر علی 15 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے اور پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق 31 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، دیگر کھلاڑیوں میں سمیع اسلم نے 19 اور اسد شفیق نے 16 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے 4 بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ سہیل خان نے 9، بابر اعظم اور سرفراز احمد نے 7، 7، یاسر شاہ نے 4، محمد عامر نے 3، یونس خان نے 2 اور راحت علی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کولن گرینڈ ہوم نے تباہ کن بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ کے حصے میں انفرادی طور پر 2، 2 وکٹیں آئیں۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہو گیا تھا جب کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

Related posts