کراچی کا ضمنی الیکشن‘پیپلز پارٹی کے سعید غنی نے میدان مار لیا


کراچی(نیوزلائن)پی ایس 114 کراچی کا انتخابی معرکہ پی پی نے مار لیا؟ ووٹوں کی گنتی مکمل، متحدہ اور پی پی کے امیدوار میں کانٹے کا مقابلہ ہوا، الیکشن کمیشن کا رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کا کامیاب تجربہ، موبائل ٹیکنالوجی کے ذریعے 92 پولنگ سٹیشنز سے براہ راست نتائج منگوائے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن کو پریذائیڈنگ آفیسرز سے ڈیٹا سنٹر میں براہ راست نتائج موصول ہو رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا کی الیکشن ٹیم کو مبارکباد۔ پی ایس 114 کے ضنی انتخاب کیلئے دن بھر پولنگ جاری رہی۔ الیکشن کمیشن کو موبائل ایپ کے ذریعے تمام 92 پولنگ سٹیشنوں سے نتائج موصول ہو چکے ہیں۔ غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق، ایم کیو ایم کے امیدوار کامران ٹسوری 18 ہزار 106 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی 23 ہزار 840 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے امیدوار تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس سے قبل، کراچی کے صرف ایک صوبائی حلقے کا ضمنی انتخاب الیکشن کمیشن اور سکیورٹی اداروں کیلئے دن بھر وبال جان بنا رہا۔ سندھ اسمبلی کی نشست 114 کیلئے پولنگ شروع ہوتے ہی بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ گورنمنٹ بوائز سکول چنیسر گوٹھ کے پولنگ سٹیشن پر ایسی مار دھاڑ ہوئی کہ پولنگ عارضی طور پر بند کرنا پڑی۔ جیالے کارکنان نے آزاد امیدوار کے پولنگ ایجنٹ کو خوب دھویا اور پولنگ سٹیشن سے مارتے ہوئے باہر لائے۔ پولنگ کاعمل روکنا پڑا۔ پولیس اور رینجرز والوں سمیت سب منہ دیکھتے رہ گئے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار سعید غنی بولے، پولنگ سٹیشن جانے سے روکا گیا تھا، گھر کی خواتین سے بدتمیزی ہوئی۔ تاہم سکیورٹی اداروں کی مداخلت کے بعد پولنگ دوبارہ شروع ہو گئی۔ متحدہ اور پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے تشدد کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان بھی کیا۔ پولنگ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل منظور کالونی میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے کارکنان لڑ پڑے۔ تاہم، رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ یاد رہے کہ اس نشست سے عام انتخابات میں نون لیگ کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم ان کے نون لیگ چھوڑ جانے اور مستعفی ہو جانے کی وجہ سے یہ نشست خالی ہوئی تھی لیکن آج ہونے والے ضمنی انتخاب میں نون لیگ کے امیدوار نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ ادھر پی پی کی کامیابی پر جیالے کراچی کی سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ پر محو رقص نظر آئے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر کارکنوں کو مبارکباد دی ہے۔

Related posts

Leave a Comment