کفر ٹوٹا۔۔۔آخر کار فیصل آباد کے 10ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ مل گئے


فیصل آباد(نیوزلائن)وزیر اعلیٰ پنجاب تو فیصل آباد نہ آسکے اور فیصل آباد کے طلبہ میاں شہباز شریف کے ہاتھوں لیپ ٹاپ حاصل کرنے کی سعادت سے محروم رہے تاہم وزیر اعلیٰ کے ’’حکم ‘‘پر فیصل آباد کے طلبہ میں لیپ ٹاپ وزرائے تعلیم نے تقسیم کردئیے۔ سات ماہ کے انتظار کے بعد فیصل آباد کے طلبہ کو لیپ ٹاپ مل ہی گئے۔ نیوزلائن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی مصروفیت کے باعث فیصل آباد کے طلبہ مسلسل لیپ ٹاپ سے محروم چلے آرہے تھے۔ سات ماہ میں چار مرتبہ شہباز شریف اور ایک بار حمزہ شہباز شریف کے بابرکت ہاتھوں فیصل آباد کے دس ہزار سے زائد طلبہ کولیپ ٹاپ دینے کی تقریب رکھی گئی مگر طلبہ ہر بار محروم رہ گئے کہ وہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے ہاتھوں سے لیپ ٹاپ حاصل کرنے کی سعادت حاصل کر سکیں۔ پنجاب سرکار کے خزانے سے خریدے گئے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب ہر مرتبہ شریف فیملی کی حکومتی ‘ عدالتی اور فیملی امور میں مصروفیت کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑی۔ مگر آخر کار طلبہ کو لیپ ٹاپ مل ہی گئے۔ اس سلسلے میں خصوصی تقریب زرعی یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ میاں شہباز شریف اس بار بھی نہ آسکے اور پنجاب کے دو وزرائے تعلیم رانا مشہود احمد اور رضا علی گیلانی نے لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ میٹرک میں 90فیصد نمبر اور کالج میں داخلہ لینے والوں جبکہ انٹرمیڈیٹ‘ گریجویشن اور ماسٹرز میں ساٹھ فیصد نمبر لینے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ دئیے گئے۔ فیصل آباد ریجن کے دس ہزار 77طلبہ کے نام لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں کی لسٹ میں شامل ہو گئے۔وائس چانسلر جامعہ زرعیہ ڈاکٹر اقبال ظفر‘ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی‘ وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی نورین عزیز قریشی‘چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ ڈائریکٹر کالجز امداد اللہ اور بعض ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے اس تقریب میں شریک ہوئے۔

Related posts