گولڈ برگ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد بروک لیسنر کو شکست دیدی


g
 بارہ سال بعد رنگ میں واپس آنے والے نامور ریسلر گولڈ برگ نے تاریخی میچ میں اپنے حریف بروک لیسنر کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
کینیڈا کے ایئر کینیڈا سینٹر میں ہونے والا مقابلہ دیکھنے کے لئے پویلین کھچا کھچ تماشائیوں سے بھرا تھا۔ 12 سال بعد رنگ میں واپسی کرنے والے گولڈ برگ یکطرفہ مقابلہ جیتنے کے حوالے سے مشہور ہیں اور انہوں نے اپنی روش برقرار رکھی اور 2 منٹ سے بھی کم وقت میں بروک لیسنر کو چت کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: گولڈ برگ کی 12 سال بعد رنگ میں واپسیفائٹ شروع ہوئی تو بروک لیسنر نے حریف گولڈ برگ پرحملہ کیا اور اسے رنگ کے کنارے پر لے گئے لیکن 49 سالہ گولڈ برگ نے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بروک لیسنر کو دھکیل کر پیچھے کیا جس سے وہ فلور پر گر پڑے۔ تھوڑی دیر بعد لیسنر دوبارہ فلور پر گرے تو گولڈ برگ نے روایتی انداز میں کاندھا مار کر بروک لیسنر کو ناقابل مزاحمت کردیا اور اسے اٹھا کر پٹکا جس کے بعد وہ اٹھ نہ سکے۔
goldگولڈ برگ نے ایک منٹ اور 24 سیکنڈ میں فائٹ جیت کر ایک مرتبہ پھر ریسلنگ میں واپسی کی ہے جب کہ میچ سے قبل فائٹ کو ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخی فائٹ قرار دیا جارہا ہے جس کا فیصلہ گولڈ برگ نے ڈیڑھ منٹ سے بھی کم وقت میں کیا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ 18 اکتوبر کو بروک لیسنر نے اپنے وکیل کے ذریعے گولڈ برگ کو فائٹ کا چیلنج دیا تھا جسے انہوں نے یہ کہہ کر قبول کیا تھا کہ یہ میرے کیرئیر کی آخری اور فیصلہ کن لڑائی ہوگی۔
گولڈ برگ کا کیرئیر:
گولڈ برگ اپنے کیرئیر کے ابتدائی 173 مقابلوں میں ناقابل شکست رہے جن کی فائٹ کی یہ خوبی تھی کہ ان کی فائٹ کا فیصلہ ایک سے دو منٹ میں ہوجاتا تھا جنہیں بیرونی مدد کے بغیر کوئی ریسلر شکست نہ دے سکا۔ 1998 میں پہلی مرتبہ انہیں کیون نیش نے شکست دی اور یہ مقابلے کافی دیر تک جاری رہا جسے ورلڈ وار تھری کا نام دیا گیا۔ جس کے بعد 1999 میں بریڈ ہارڈ (ہٹ مین) نے گولڈ برگ کو شکست دی۔ 24 جولائی 2000 میں انہیں تیسری مرتبہ بوکر ٹی نے شکست دی اور اسی سال اسکاٹ اسٹینر نے دلچسپ مقابلے کے بعد انہیں ہرایا۔ آخری مرتبہ 2003 میں گولڈ برگ کو ٹرپل ایچ نے شکست سے دوچار کیا۔
واضح رہے کہ گولڈ برگ نے 1997 میں ریسلنگ میں ڈیبیو کیا تھا اور 2004 تک ریسلنگ سے وابستہ رہے جس کے بعد انہوں نے ریسلنگ کو خیرباد کہتے ہوئے نجی ٹی وی چینلز پر کمنٹری کرنا شروع کردی تھی۔ ریسلنگ سے قبل گولڈ برگ 1990 سے 1995 تک فٹبال کے کھلاڑی بھی رہے۔

Related posts