ہراساں کرنے پر تاجر ایف بی آر کیخلاف سراپا احتجاج


فیصل آباد(نیوزلائن) تاجروں کو بلاجواز ہراساں کئے جانے کے خلاف تاجر ایف بی آر کیخلاف سراپا احتجاج بن گئے‘ کارخانہ بازار میں ٹائر جلا کر ایف بی آر کے خلاف مظاہرہ اور نعرہ بازی کی گئی۔نیوزلائن کے مطابق تاجر تنظیموں نے ایف بی آر کی جانب سے تھانہ ریل بازار میں من گھڑت‘ بوگس اور جھوٹی درخواست دیئے جانے اور تاجروں کو حراساں کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ تاجر بڑی تعداد میں اکٹھے ہو کر تھانہ ریل بازار بھی گئے اور ایف بی آرکی طرف سے دی جانے والی درخواست خارج کرنے اور تاجروں کی جانب سے ایف بی آر کے نمائندوں کی طرف سے غنڈہ گردی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا‘ اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے کہا کہ تاجر طبقہ محب وطن ہے اور اپنے ذمہ تمام تر ٹیکسز کی ذمہ داری کے ساتھ ادائیگی کر رہا ہے مگر آئے روز ایف بی آر کا عملہ نہ صرف غنڈہ گردی کرتا ہے بلکہ تاجروں کو حراساں کیا جاتا ہے‘ جو کہ ناقابل برداشت ہے‘ ہم یہ ظالمانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے‘ جب تک ذمہ داروں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ تاجر برادری کسی طرح بھی دکانداروں کو بلاوجہ حراساں کرنے اور ایف بی آر کو غنڈہ گردی کرنے کی اجازت نہیں دے گی‘ جب تک ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہیں کئے جائے اس وقت تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا‘ علاوہ ازیں درخواست واپس نہ لینے اور ایف بی آر نمائندوں کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کی صورت میں ہم شٹرڈاؤن ہڑتال کریں گے جس کی تمام تر ذمہ داری ایف بی آر پر ہو گی۔

Related posts