ورلڈ کپ بطور کپتان میرا آخری ایونٹ ہو گا‘ٗ ثناء میر کا اعلان


کولمبو (نیوزلائن)پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا ء میر نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں وہ کپتان کے طور پر آخری مرتبہ کھیلیں گی۔ورلڈ کپ 2017 کے کوالیفائنگ میچز کے لیے کولمبو میں موجود ثنا ء میر نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ون ڈے کرکٹ کا تو میرا یہی ارادہ ہے کہ یہ میرے آخری میچز ہوں مگر کپتان کے طور پر تو میں یقینی طور پر آخری مرتبہ ہی کھیلوں گی۔سو وکٹیں مکمل کر نے پر ثناء میر نے کہا کہ میرے لیے یہ بہت اعزاز کی بات ہے۔ امید ہے اس سے آگے آنے والی لڑکیوں کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔ مجھے تو 12 سال لگے یہ اعزاز حاصل کرنے میں کیونکہ شروع میں ہمیں میچ کھیلنے کے لیے ملتے ہی نہیں تھے۔ مگر امید ہے آنے والی لڑکیاں 100 وکٹیں جلدی حاصل کر لیں گیں ٗمتحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے دوسرے سیزین میں سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی سے متعلق ثنا ء میر نے کہا کہ یہ پی سی بی کا بہت اچھا قدم ہے کہ اس نے اندرونی تحقیقات شروع کیں ہیں کیونکہ اس سے آئندہ آنے والے کرکٹرز کو سپاٹ فکسنگ کے نقصانات سے آگاہی ملے گی۔ بیرون ملک پہلے ہی اس بارے میں سختی برتی جاتی ہے اب پاکستان میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ پی ایس ایل میں کس کو سپورٹ کر رہی ہیں؟ جس پر ثناء میر نے جواب دیا کہ بہت مشکل ہے کیونکہ ہر ٹیم میں ایسے کھلاڈی موجود ہیں جن کی وجہ سے کبھی لگتا ہے ایک ٹیم جیت جائے تو کھبی دوسری۔ گذشتہ برس بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بہت اچھا کھیلا اور پشاور زلمی سے بھی مجھے امید ہے کہ ڈیرین سیمی کی کپتانی میں اچھا پرفارم کرے گی۔ تو اس مرتبہ ٹیموں میں اچھا توازن ہے۔انہوں نے کہا کہ کولمبو میں ہماری ٹیم نے اب تک مجموعی طور پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور کوشش رہے گی کہ اسی مومینٹم کو سپر سکسز میں لے کر جایا جائے تاکہ ہم ورلڈ کپ کے لیے آسانی سے کوالیفائی کر جائیں۔

Related posts