پنجاب میں فوجی آپریشن کا فیصلہ


اسلام آباد(نیوزلائن)پنجاب میں فوجی آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ دہشت گردوں‘ انکے سہولت کاروں‘ انہیں فنڈنگ کرنے والوں‘ کالعدم تنظیموں‘ نام بدل کر کام کرانیوالی تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی جائے گی۔نیوزلائن کے مطابق آپریشن کا فیصلہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے دورہ لاہور کے دوران کور کمانڈر لاہور‘ آئی ایس آئی اور دیگر حساس اداروں سے بریفنگ لی اور آپریشن کی ہدایات جاری کر دیں۔ آپریشن کو ہر سطح پر حکومتی اثرورسوخ سے پاک رکھنے کی ہدائت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں اور فوج کو ہدائت کی گئی ہے کہ دہشت گردوں‘ کالعدم تنظیموں کے خلاف سختی کیساتھ آپریشن کیاجائے اور انہیں کچل دیا جائے۔کارروائی مکمل طور پر غیر جانبدار اور شفاف رکھی جائے۔کسی کو رعائت نہ دی جائے اور نہ کسی کیساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جائے۔آپریشن میں رکاوٹ بننے یا کالعدم تنظیموں کیساتھ روابط اور تعلقات رکھنے پر کسی کو بھی معافی نہ دیجائے چاہے وہ کتنا ہی بڑا حکومتی عہدیدار کیوں نہ ہو۔نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم تنظیمیں آپریشن کے دوران خاص نشانہ ہوں گی جبکہ دہشت گردوں کے سہولت کار کا کام کرنیوالے افراد‘مدارس اور دیگر تنظیموں کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

Related posts