سی ایس ایس کے پرچے آئوٹ ہوگئے


اسلام آباد(نیوزلائن) انگریزی اور کرنٹ افیئرز کے بیشتر سوالات 20روز پہلے ہی سوشل میڈیا پر جاری خاتون کی تصویر کیساتھ اکاؤنٹ کے ذریعے سوالات کیلئے 80ہزار روپے تک مطالبہ. سی ایس ایس کے انگریزی اور کرنٹ افیئرز کے دوپرچے آئوٹ ہوگئے، سوشل میڈیا پر ایک خاتون کے نام سے اکاؤنٹ پر دونوں پرچوں کے بیشتر سوالات 20روز پہلے ہی جاری کر دیئے تھے۔ نیوزلائن کے مطابق سی ایس ایس کے 16فروری کوہونیوالے انگریزی کے پرچے کے سوالات سعدیہ کوثرنامی ایک خاتون نے 26جنوری کو سوشل میڈیاپر جاری کر دیئے تھے ۔اسی طرح گزشتہ روز ہونیوالے کرنٹ افیئرز کے پرچے کے دو سوالات بھی خاتون نے 31جنوری کو آئوٹ کردیئے تھے۔ جاری کیے گئے تمام سوالات ہوبہو پرچوں میں بھی آگئے۔ ان سوالات کا محض موضوع ہی پرچے والے سوالات سے مماثلت نہیں رکھتا بلکہ لفظ بالفظ مماثلت پائی جا رہی ہے، یہ ساری معلومات عام ہونے کے ساتھ ساتھ ایک خفیہ اکائونٹ کے ذریعے آتی ہیں جہاں پر ایک خاتون صرف اپنے فرینڈز گروپ کو سوالات کا انکشاف کرتی ہے اس گروپ میں شامل ہونے کیلئے اچھی خاصی رقم کا مطا لبہ کیا جاتا ہے جو 30 سے لیکر 80ہزار تک ہوتی ہے جو طلبہ سوالات جاننے کے تجسس میں ہوں انہیں ایک پن کوڈ کے ذریعے رابطہ کرنے پر اپنا شناختی کارڈ دینے اور پھر رقم کی منتقلی کا طریقہ کار طے کرنے کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔ خاتون کے اس طرح سوالات جاری کرنے پر بعض نے کمنٹس دیئے کہ اتنے اچھے گیس پیپر ہونے کے بعد معاوضہ اتنا زیادہ تو نہیں۔ سی ایس ایس کا امتحان دینے والے طالب علموں اور سینئر بیوروکریٹس کا کہنا ہے گیس پیپر کا سی ایس ایس کے آنے والے پیپرز سے لفظ بالفظ مل جانا اتفاق نہیں ہے، اس خاتون کے پیچھے کون ہے، کون ہے جو اس حد تک حساس معلومات رکھتا ہے اور کھلے عام فیس بک پر سوالات فروخت بھی کر رہا ہے۔

Related posts