میئر فیصل آباد مافیا کا سرغنہ نکلا‘ عہدہ سنبھالتے ہی اربوں کی اراضی پر قبضے کی کوشش


اسلام آباد (نیوزلائن)مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے میئر فیصل آباد رزاق ملک کے قبضہ مافیا کی سپرستی کرنے اور سرکاری و غیر سرکاری اراضی پر قبضے کرنے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔ نیوز لائن کے مطابق میئر بننے سے قبل ہی رزاق ملک ان کے بھائی منفی سرگرمیوں میں ملوث تھے جبکہ میئر شپ سنبھالتے ہی انہوں نے اس سلسلے میں کام تیز کر دیا۔ذرائع کے مطابق میئر فیصل آباد رزاق ملک اور ان کے بھائی ن لیگی رکن پنجاب اسمبلی نواز ملک نے میئر شپ کا چارج ملنے کے اگلے ہی دن الائیڈ ہسپتال کے سامنے واقع قیمتی اراضی پر قبضے کی کوشش کی۔ مسلح افراد اور تعمیراتی سامان سمیت اس اراضی پر دھاوا بول دیا گیا مگر سول سوسائٹی اور میڈیا کے موقع پر پہنچ جانے کی وجہ سے میئر فیصل آباد رزاق ملک کے ساتھیوں کو وہاں سے رفو چکر ہونا پڑا۔مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا محمد افضل خان بھی رزاق ملک اور نواز ملک کی منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور قبضہ مافیا کی سرپرستی کرنے بارے آواز اٹھا چکے ہیں۔ سماجی حلقوں نے شہر کے سب سے اہم بلدیاتی ادارے میں ایسی منفی شخصیت کے پہنچ جانے پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیراعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور میئر فیصل آباد اور ان کے بھائیوں کے زیر قبضہ اراضی واگزار کروا کر اصل حقداروں کو دی جائے۔

Related posts