میڈیا سنسنی خیزی سے گریز اور تصدیق و تحقیق کلچر کو فروغ دے‘سلمان غنی

فیصل آباد(نیوزلائن) فیصل آباد میں جرنلسٹس کالونی کے قیام اور صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کیساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ میڈیا معاشرے کی آنکھ اور کان ہیں تاہم میڈیا کو سنسنی خیزی پھیلانے سے گریز اور تصدیق و تحقیق کے بعد خبر نشر کرنی چاہئے۔ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی نے فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ وفد کی قیادت ایف یو جے کے صدر ندیم جاوید نے کی۔ وفد میں سابق سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس شمس الاسلام ناز‘ کلیم حیدر ثقلین‘ حامد یٰسین‘ قدیر سکندر‘ وسیم نواز‘ جہانگیر اشرف‘ میاں افتخار احمد‘ دلشاد خان‘اکرم عزیز‘ غلام مصطفی و دیگر شامل تھے۔وفد کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر کو فیصل آباد کے صحافیوں کو ”جرنلسٹس کالونی“ سے محروم رکھے جانے اور اس سلسلے میں ماضی کی انتظامیہ کے عدم تعاون بارے آگاہ کیا۔ ایف یو جے کے نمائندوں نے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پر سرکاری افسران کے عمل درآمد نہ کرنے معلومات کے حصول کی درخواستوں کو ردی کی ٹوکری کی نذر کئے جانے بارے آگاہ کیا۔وفد نے فیصل آباد کے صحافیوں کو درپیش دیگر مسائل بارے بھی ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تعاون کی درخواست کی۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فیصل آباد میں جرنلسٹس کالونی کا قیام جلد از جلد ممکن بنانے کیلئے ایف یو جے کیساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سلمان غنی نے شہر میں قریب ترین مقام پر جرنلسٹس کالونی کیلئے اراضی مختص کرنے اور اس کی الاٹمنٹ کیلئے بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

Related posts