پنجاب حکومت غریب ہو گئی:ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن سے کٹوتی کرنے لگی۔

فیصل آباد(نیوزلائن)پنجاب حکومت نے الٹا پہیہ گھمانا شروع کردیا۔پنجاب کے سن رسیدہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافے کی بجائے کٹوتی کرنے لگی۔ فیصل آباد میں اس حوالے سے ہزاروں شکایات سامنے آئی ہیں۔ نیوز لائن کے مطابق فیصل آباد میں پنجاب کے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن سے بڑے پیمانے پر کٹوتی کی گئی ہے۔یہ کٹوتی کر رہا ہے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس فیصل آباد‘ اکاؤنٹ آفس میں پنجاب حکومت کے سابقہ ملازمین کی پنشن میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کیساتھ انہیں خوار بھی کیا جا رہا ہے۔ ملازمین کو گھنٹوں لائنوں میں لگا کر تنگ کرنا معمول ہے۔ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے افسران نے اپنے دفاتر میں پنشنرز کا داخلہ ہی بند کر رکھا ہے جبکہ ماتحت ملازمین سالہا سال سرکاری محکموں میں خدمات سرانجام دینے والوں کو خوار کرنے میں مصروف اور ان کی پنشن سے کٹوتی کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔نیوز لائن کے مطابق مارچ میں دی جانیوالی پنشن میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں سے دو سے چار ہزار روپے کی کٹوتی کی گئی ہے اور یہ کٹوتی چند افراد کی پنشن سے نہیں ہوئی اکاؤنٹ آفس میں ہزاروں شکایات اس حوالے سے سامنے آئی ہیں۔ اس بارے میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر مظفر لنگڑیال کا کہنا ہے کہ اس بارے میں ان کے پاس آج ہی شکایات آئی ہیں تاہم اس معاملے کی تفصیلات کا انہیں علم نہیں ہے۔ کیونکہ پنشن کے معاملات کووہ ڈائریکٹ ڈیل نہیں کرتے۔ ماتحت افسران پنشن کے معاملات کو دیکھتا ہے۔ سوموار کو آفس جائیں گے تو اس کی انکوائری کروائیں گے۔

Related posts