پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے جہانزیب گل کو گرفتار کرنے کا مطالبہ


فیصل آباد(نیوزلائن)کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن فیصل آباد نے چیف ایگزیکٹو میڈیا کام ندیم آفتاب سندھو کیخلاف شرمناک مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ مقدمہ میں نامزد ملزم پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے جہانزیب امتیاز گل کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے صدر بلال شاہ نے کہا ہے کہ جہانزیب امتیاز گل کی مہم شرپسندانہ اور ایک شریف شہری کی عزت‘ شہرت اور شخصیت داغدار کے مترادف ہے۔ جہانزیب گل نے ایسا کر کے چھوٹے پن کا ثبوت دیا ہے۔ ان کے اس اقدام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بلال شاہ کا کہنا تھا کہ جہانزیب امتیاز گل کے خلاف ایف آئی آر درج ہو چکی ہے مگر پولیس پھر بھی اسے گرفتار کرنے سے گریزاں ہے اور کھلی چھوٹ دے رہی ہے۔ مقدمہ میں نامزد ملزم کو گرفتار کرنا پولیس پر لازم ہے۔ اسے حراست میں لے کر حوالات میں بند کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے سی پی او فیصل آباد‘ ڈپٹی کمشنر‘ آر پی او‘ کمشنر اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور جہانزیب امتیاز گل کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

Related posts