خوف یا غفلت:یوم پاکستان کی تقریب سے عوامی نمائندے اور افسر شاہی غائب


فیصل آباد(نیوزلائن)فیصل آباد میں یوم پاکستان کی تقریب کا رنگ پھیکا ہی رہا۔ افسر شاہی نے تقریب منائی نہ عوامی نمائندوں نے یوم پاکستان کی تقریب کو چار چاند لگانے کی زحمت گوارہ کی۔ نیوزلائن کے مطابق فیصل آباد میں یوم پاکستان کی تقریب میں افسر شاہی اور عوامی نمائندوں کی اکثریت شریک نہ ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں ہونے والی پرچم کشائی تقریب میں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ایک وفاقی اور دو صوبائی وزراء‘ فیصل آباد کے تمام بارہ ایم این ایز‘ چھبیس ایم پی ایز‘ میئر‘ چیئرمین ضلع کونسل‘ کمشنر‘ آر پی او اور تمام ڈائریکٹرز‘ ڈپٹی ڈائریکٹرز‘ ڈی جیز سمیت تمام چھوٹے بڑے افسران کو شریک ہونے کی دعوت دی گئی تھی مگر گنتی کے دس بارہ افراد کے سوا کسی نے شریک ہونا گوارہ نہ کیا۔ میئر فیصل آباد رزاق ملک اور چیئرمین ضلع کونسل زاہد نذیر شہر میں موجود ہونے کے باوجود تقریب سے غائب رہے۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دونوں دونوں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ اور خلیل طاہر سندھو اور وزیر مملکت عابد شیر علی بھی شہر میں موجود تھے مگریوم پاکستان کی مرکزی تقریب ان کی توجہ حاصل نہ کر سکی۔رانا ثناء اللہ اپنی پارٹی میں اپنے گروپ کے دفتر کا افتتاح کرنے چلے گئے مگر یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت گوارہ نہ کی۔کمشنر مومن آغا‘ آر پی او بلال صدیق اور ننانوے فیصد افسر شاہی تقریب میں نظر نہ آئی۔ رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری ٹی وی چینلز پر لمبے چوڑے بھاشن دیتے اورحب الوطنی کا زبانی جمع خرچ تو کرتے رہے مگر اپنے شہر میں ہونے والی یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں دعوت ملنے کے باوجود شریک ہونے کی زحمت نہ کر سکے۔ارکان قومی اسمبلی غلال رسول ساہی‘ عاصم نذیر‘ رجب بلوچ‘ شہباز بابر‘ میاں فاروق‘ ڈاکٹر نثار احمد‘ میاں عبدالمنان‘ اکرم انصاری‘خالدہ منصور‘ارکان صوبائی اسمبلی افضل ساہی‘ آزاد علی تبسم‘ عفت معراج‘ ثریا نسیم‘ شعیب ادریس‘ رائے حیدر‘ جعفر علی ہوچہ‘ عارف محمود گل‘ فقیر حسین ڈوگر‘ رضا نصراللہ گھمن‘ احسن ریاض فتیانہ‘ الیاس انصاری‘ خالد سعید‘ شیخ اعجاز احمد‘ ملک محمد نواز‘ خرم شہزاد‘ میاں طاہر جمیل‘ میاں اجمل آصف‘ نعیم اللہ گل‘ رائے عثمان گھرل بھی شہرمیں موجود ہونے کے باوجود یوم پاکستان کی تقریب کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس تک نہ آ سکے۔ صرف ایک ایم این اے رانا افضل خان اور تین ایم پی ایزراؤ کاشف‘ فاطمہ فریحہ اور مدیحہ رانا‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی‘ سی پی او افضال کوثر پرچم کشائی کے وقت موجود تھے۔کچھ عوامی حلقے اسے ارکان اسمبلی کاخوف قرار دے رہے ہیں کہ وہ مرکزی تقریب میں اس لئے نہ آئے کہ کہیں کوئی حادثہ یا سانحہ نہ ہو جائے جبکہ کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ ذاتی کاموں کیلئے ڈی سی آفس کے بار بار چکر کاٹنے والے ارکان اسمبلی نے اپنی غفلت اور قومی معاملات سے دور کی روش کی وجہ سے یوم پاکستان کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

Related posts