پاکستان کرکٹ بورڈ کے بابوؤں نے شاہ خرچیوں کے ریکارڈ توڑ دیئے

لاہور(نیوزلائن) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بابوؤں نے شاہ خرچیوں کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ نجم سیٹھی، شہریار خان اور دوسرے عہدیداروں نے غیرملکی دوروں پر کروڑوں روپے اڑا دیئے۔ گورننگ باڈی کے ارکان نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑوں کی جانب سے سرکاری خرچے پر تین سال میں سو سے زائد غیرملکی دورے کئے گئے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کے 27 غیرملکی دوروں پر 1 کروڑ 2 لاکھ خرچ ہوئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ڈیلی الاؤنس کی مد میں بھی 50 لاکھ روپے وصول کئے۔ شہریار خان کے 11 دورے 55 لاکھ میں جبکہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے 32 دورے سرکار کو 87 لاکھ میں پڑے۔ جی ایم انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور جنرل منیجر لاجسٹک اسد مصطفیٰ کے دوروں پر بھی ایک ایک کروڑ روپے خرچ ہوئے جبکہ گورننگ بورڈ کے ارکان منصورعلی خان، اعجاز فاروقی، شکیل شیخ، اعجاز چودھری اور گل زادہ کے بیرونی دورے پی سی بی کو 71 لاکھ روپے میں پڑے۔

Related posts