سیکرٹری سکولز پنجاب کے پرائیویٹ سکول نے پورے صوبے کے سکولوں کو مات دیدی


اسلام آباد(نیوزلائن)پنجاب میں شرح خواندگی بڑھانے‘ تعلیمی سہولیات عام کرنے اور سرکاری تعلیمی اداروں کے نتائج بہتر کرنے اور گڈ گورننس کے میاں شہباز شریف کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کے ایک پرائیویٹ سکول نے شہباز شریف حکومت کے پورے پنجاب کے ہزاروں سکولوں کو مات دیدی۔نیوزلائن کے مطابق سیکرٹری سکولز پنجاب کے زیرکنٹرول امتحانی اتھارٹی ”پنجاب ایگزامینشن کمیشن“کے زیراہتمام ہونیوالے پانچویں جماعت کے امتحان میں پانچ پوزیشنز سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب عبدالجبار شاہین کے پرائیویٹ سکول”تھل پبلک سکول خوشاب“نے اکٹھی پانچ پوزیشنز حاصل کرکے پنجاب میں ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ جس کے بارے میں تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈ شائد پنجاب میں کوئی ادارہ نہ توڑ سکے جس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ شائد آئندہ کبھی بھی آنے والے کسی سیکرٹری کا پرائیویٹ سکول شائد ہو ہی نہیں اور ایسے میں کسی کیلئے ایسا ریکارڈ توڑنا ناممکن ہو گا۔نیوزلائن کے مطابق وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب رانا مشہود کو بھی اپنے سیکرٹری کے اس عظیم الشان ”کارنامے“ کا علم ہو چکا ہے مگر بااثر سیکرٹری کے سامنے وہ بھی بے بس ہیں اور ان کے اس کارنامے پر انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق خوشاب کے مذکورہ علاقے میں جہاں سیکرٹری ایجوکیشن عبدالجبار شاہین نے کئی سالوں سے اپنا پرائیویٹ سکول بنایا ہوا کوئی بھی سرکاری سکول نہیں ہے اور علاقے کے لوگوں کو ان ڈائریکٹ سیکرٹری ایجوکیشن مجبور کر رہے ہیں کہ وہ ان کے پرائیویٹ سکول میں ہی تعلیم حاصل کریں جبکہ اس علاقے میں سرکاری سکول بنوانے کی علاقے کے لوگوں کی کوشش کو سیکرٹری ایجوکیشن کامیاب نہیں ہونے دے رہے اور اس بارے فائل کو کئی سالوں سے دبا رکھا ہے۔

Related posts